ملیر ایکسپریس وے عوام کیلئے شاندار منصوبہ ،وزیربلدیات

 ملیر ایکسپریس وے عوام کیلئے شاندار منصوبہ ،وزیربلدیات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ ملیر ایکسپریس وے کراچی عوام کے لئے ایک شاندار منصوبہ ہے ۔ 14 اگست کو قائد آباد جبکہ آئندہ سال جون تک کاٹھور تک یہ ایکسپریس وے عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔

 کریم آباد انڈر پاس کی راہ میں رکاوٹ کو فوری دور کرکے اس کو مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو پریشانی سے بچایا جاسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کورنگی کازوے اور ملیر ایکسپریس وے کا دورہ کرنے کے موقع پر کیا۔ سعید غنی نے کورنگی کازوے پر جاری کام کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران سے تفصیلات طلب کی۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ کورنگی کازوے کا کام تیزی سے جاری ہے البتہ اس کے نقشہ میں کچھ وجوہات کی بنا پر ابھی اس کام کو روکا گیا ہے تاہم آئندہ چند دنوں میں اس پر کام شروع کردیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے ہدایات دی کہ اس کام کو نہ صرف مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے ۔ بعد ازاں صوبائی وزیر ملیر ایکسپریس وے پہنچے اور وہاں جاری کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ سندھ حکومت کا ایک شاندار منصوبہ ہے ۔اس منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور وزیر اعلٰی سندھ کی جانب سے 14 اگست 2024 تک اس کے ایک حصہ کو جو قائد آباد تک ہے اس کو کھولنے کے احکامات دئیے ہیں جبکہ باقی مانندہ ایکسپریس وے جون 2025 تک مکمل کرلیا جائے گا۔ منصوبہ جب مکمل ہوجائے گا تو کراچی کے عوام آدھے گھنٹے میں کاٹھور تک پہنچ سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کراچی کے شہریوں کی جتنی خدمت کرسکیں کریں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں