میرپورماتھیلو سے اغوا ہونیوالی دو لڑکیاں سرگودھا سے بازیاب

میرپورماتھیلو سے اغوا ہونیوالی دو لڑکیاں سرگودھا سے بازیاب

میرپورماتھیلو(نمائندہ دنیا)میرپورماتھیلو سے اغوا ہونے والی دو لڑکیوں کو پنجاب سے بازیاب کروا لیا گیا،اغوا کی واردات میں ملوث گروہ کی سرغنہ خاتون کو بھی پنجاب پولیس کی مدد سے گرفتار کرلیا گیا ۔

میرپورماتھیلو سی آئی اے سینٹر پر ڈی ایس پی میرپورماتھیلو عبدالقادر سومرو اور سی آئی اے انچارج نعمان شیخ نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مسماۃ حمیدہ کوری اور مسماۃ پٹھانی کے اغوا کا مقدمہ تین روز قبل میرپورماتھیلو پولیس اسٹیشن پر درج کیا گیا تھا جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اغوا ہونے والی دونوں لڑکیوں کو پنجاب کے شہر سرگودھا سے بازیاب کروالیا ہے جنہیں دوسرے گروہ کے پاس فروخت کرنے کے لیے لے جایا جارہا تھا جبکہ اغوا میں ملوث گروہ کی سرغنہ خاتون سعیدہ پٹھانی کو بھی پنجاب پولیس کی مدد سے گرفتار کرلیا گیا ہے ۔انہوں نے مزیدبتایا کہ گرفتار ملزمہ کی نشاندہی پر اغوا میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا ۔ دوسری جانب سی آئی اے انچارج نعمان کے مطابق موٹر سائیکلوں کی چوری میں ملوث ایک کارندے منصور کلوڑ کو گرفتار کرکے تین مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئی ہیں جبکہ چوری و ڈکیتی میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں