ٹنڈو غلام حیدر:گاڑی اور آئل ٹینکر میں تصادم ، 2افراد جاں بحق
ٹنڈو محمد خان،اندرون سندھ(نمائندہ دنیا، بیورو رپورٹ) ٹنڈو غلام حیدر کے قریب مین بدین حیدر آباد روڈ پر پک اپ اور آئل ٹینکر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 22سالہ امتیاز علی لاشاری اور ایک نامعلوم شخص موقع پر جاں بحق ہوگیا۔
ٹنڈو غلام حیدر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو تعلقہ ہسپتال ماتلی پہنچایا جہاں شدید زخمیوں کو حیدرآباد منتقل کر دیا گیا۔ آئل ٹینکر بجلی کے پول سے ٹکرانے کے نتیجے میں یہ واقعہ رونما ہوا۔ لاڑکانہ میں موہن جو دڑو کے قریب عالمانی پولیس پکٹ کے قریب تیز رفتار ٹریکٹر اور موٹرسائیکل میں ٹکر کے نتیجے میں 19 سالہ نصیر احمد کھوکھر موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ حادثے میں دو افراد جمیل سومرو اور صابر حسین سومرو شدید زخمی ہوگئے ۔ اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر نعش کو تعلقہ ہسپتال ڈوکری جبکہ زخمیوں کو علاج کے لیے ٹراما سینٹر لاڑکانہ منتقل کردیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔ پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔