یورپی بینک واٹرکارپوریشن میں سرمایہ کاری کیلئے تیار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)یورپی سرمایہ کاری بینک کی جانب سے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے لیے پانی اور توانائی کے منصوبوں میں بڑی پیش رفت سامنے آگئی جس کے تحت یورپی سرمایہ کاری بینک نے واٹر کارپوریشن میں دیگر بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی طرح مالی تعاون فراہم کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔
اطلاعات کے مطابق یورپی سرمایہ کاری بینک کا ایک اعلیٰ سطح جائزہ مشن فروری 2025 میں واٹر کارپوریشن کا دورہ کرے گا،دورے کا مقصد سرمایہ کاری کے منصوبے کا جائزہ لینا اور عالمی بینک اور ایشیائی انفراسٹرکچر بینک کی شراکت سے سرمایہ کاری کے حجم کا تعین کرنا ہے ، یہ مشن پپری ،گھارو اور حب میں پانی صاف کرنے کے پلانٹس کی تعمیر کے امکانات کا جائزہ لے گا، اس کے علاو مشن نے قابل تجدید توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری اور توانائی کے ضیاع کو کم کرنے کے حوالے سے اپنی گہری دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ توقع ہے کہ واٹر کارپوریشن کو پانی کے ضیاع کو کم کرنے اور فیلڈ اسٹاف کی تربیت کے لیے تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔ واٹر کارپوریشن نے یورپی سرمایہ کاری بینک کو 100 ملین امریکی ڈالر کے سرمایہ کاری منصوبے کی تجویز پیش کی ہے ۔ اس منصوبے کے تحت تمام ضروری انتظامات اور بات چیت صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے ساتھ مکمل جانچ پڑتال کے بعد کی جائے گی۔