پولیس نے آئل ٹینکر سے لاکھوں مالیت کا بھارتی گٹکا پکڑلیا

میرپورخاص،پنگریو (بیورو رپورٹ،نمائندہ دنیا)پولیس کی جانب سے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی اسمگلر گروہ کے ایک کارندے کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ آئل ٹینکر کے خفیہ خانوں سے 30 لاکھ روپے مالیت کا بھارتی گٹکا برآمد کر لیا گیا۔
میرپورخاص کے علاقے چونا فیکٹری کے قریب ایک آئل ٹینکر کو روکا گیا اور جب اس کی تلاشی لی گئی تو خفیہ خانوں میں چھپائے گئے گٹکے کے ہزاروں پیکٹ برآمد ہوئے ۔پولیس نے اسمگلر امیر علی ولد خیر محمد لغاری کو آئل ٹینکر سمیت گرفتار کر کے سیٹلائٹ ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کر لیا ۔ پولیس کے مطابق آئل ٹینکر بلوچستان کے علاقے حب سے ضلع تھرپارکر کے علاقے مٹھی اسمگل کیا جا رہا تھا۔ پنگریو سے نمائندے کے مطابق ضلع بدین میں پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 12 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ 185 لیٹر دیسی شراب، 5320 گٹکا، دو مسروقہ موٹر سائیکلیں اور ایک چوری شدہ بھینس برآمد کرلی گئیں ۔پولیس کے مطابق ملزم عامر شاہ کو گرفتار کر کے 3100 دیسی گٹکے برآمد کھورواہ اور تلہار میں کارروائیوں کے دوران ملزم محمد حسن سے 500 گٹکے اور ملزم مہتاب شاہ سے 320 دیسی گٹکے برآمد کرلیے گئے ۔ اسی طرح ملزمان عبد الکریم ملاح،عباس ملاح، سکندر علی شیدی، گلیو میگھواڑ، بابو ملاح گرفتار، 1100 گٹکے برآمدہوئے ۔موٹر سائیکل چوری کے کیس میں روپوش ملزم جمن ملاح کو گرفتارکرلیاگیا۔ علاوہ ازیں پولیس نے محمد بخش نوتیار اور فدا پنھور کی چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کر کے مالکان کے حوالے کردیں ۔ بٹھی پر چھاپہ کے دوران 170 لیٹر دیسی شراب برآمد کرکے مالک ویلو باجانو کو گرفتارکرلیاگیا۔