فشر فوک فورم کی گٹکا ماوا و دیگر منشیات کے خلاف پر امن ریلی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان فشر فوک فورم کی طرف سے ابراہیم حیدری میں گٹکا ماوا و دیگر منشیات کی بڑھتی وبا کیخلاف مورڑو ہال سے واٹر پمپ اسٹاپ ابراہیم حیدری تک پُرامن ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔
ریلی میں ابراہیم حیدری، چشمہ گوٹھ ،ریڑھی گوٹھ و دیگر ماہی گیر بستیوں سے سیکڑوں نوجوانوں، خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ واٹر پمپ اسٹاپ ابراہیم حیدری پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فشر فوک فورم کے چیئرمین مہران علی شاہ نے کہا کہ معاشرے میں گٹکا ماوا و دیگر منشیات جیسی لعنت کے دن بہ دن بڑھتے ہوئے اس رجحان نے ہماری نسلوں کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے جبکہ متعدد لوگ منہ کے کینسر میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ملیر کی ساحلی پٹی پر کراچی کی قدیم ماہی گیر بستیاں موجود ہیں اور ان بستیوں کے مستقبل کے ضامن نوجوانوں کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت منشیات جیسی لعنت میں مبتلا کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر تین روز کے اندر ضلع ملیر کی ماہی گیر بستیوں سے منشیات سمیت گٹکے ماوے کا خاتمہ نہیں کیا گیا تو 20 اپریل کو پریس کلب کراچی کے سامنے احتجاج کیا جائے گا۔