ٹھری میرواہ:انسدادِ تمباکو نوشی کے عالمی دن پر آگاہی ریلی
ٹھری میرواہ(نمائندہ دنیا)انسدادِ تمباکو نوشی کے عالمی دن کے موقع پر ٹھری میرواہ میں سونہرے سندھ رورل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام ہلال پبلک اسکول مہراب پور میں ایک آگاہی پروگرام اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کا مقصد تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے متعلق عوامی شعور بیدار کرنا تھا۔تقریب کی نگرانی سونہرے سندھ رورل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے سی ای او عبدالطیف بردی، علی رضا بردی، غلام نبی اور ثناء اللہ نے کی۔ اسکول میں منعقدہ اس پروگرام میں طلبہ، اساتذہ، والدین اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جب کہ تمباکو نوشی کے خلاف ایک شعور بیدار کرنے والی ریلی بھی نکالی گئی۔اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ تمباکو نوشی انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے ، جو پھیپھڑوں کے امراض، سانس کی دشواری اور دیگر مہلک بیماریوں کا سبب بنتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیوں کے ذریعے نہ صرف موجودہ نسل کو تمباکو نوشی کے خطرات سے آگاہ کیا جا سکتا ہے بلکہ آنے والی نسلوں کو بھی اس مہلک عادت سے بچایا جا سکتا ہے ۔شرکاء نے تمباکو نوشی کے خلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر صحت مند زندگی گزارنے کے پیغامات درج تھے ۔