جھڈو :بڑی کارروائی، نان ٹیکس پیڈ سگریٹ کے 200کارٹن برآمد

جھڈو :بڑی کارروائی، نان ٹیکس پیڈ سگریٹ کے 200کارٹن برآمد

جھڈو ،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) ایف بی آر حیدرآباد نے خفیہ اطلاع پر جھڈو کے ایک گودام میں کارروائی کرتے ہوئے نان ٹیکس پیڈ سگریٹ کے 200 کارٹن برآمد کر لیے ۔

 سگریٹ لے کر آنے والے کنٹینر (نمبر TLT) کو تحویل میں لے لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گودام کا تعلق ساغر نامی بیوپاری سے ہے ۔یہ دو ماہ کے دوران ایف بی آر کی جھڈو میں دوسری بڑی کارروائی ہے ۔ نان ٹیکس پیڈ سگریٹوں کی بڑے پیمانے پر فروخت سے حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔  لاڑکانہ پولیس نے مختلف تھانوں کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان سے اسلحہ، منشیات، لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، 7 موٹرسائیکلیں اور ایک چنگچی رکشہ برآمد ہوا۔ حیدرآباد پولیس نے لغاری گوٹھ کے قریب مقابلے کے بعد عزیز ولد جمیل آرائیں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے پستول برآمد ہوا۔ اسی دوران دیگر تھانوں کی کارروائیوں میں منشیات فروش، چرس و مین پوری سپلائرز کو گرفتار کیا گیا۔ تھانہ فورٹ، اے سیکشن، اور پھلیلی پولیس نے 6 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرکے چرس، شراب اور مین پوری کی بھاری مقدار برآمد کی۔

اسی طرح حیدرآباد پولیس نے ایک اور کارروائی کرتے ہوئے 2 منشیات فروش گرفتار کرکے 3 کلو سے زائد چرس برآمد کرلی۔ فورٹ پولیس نے علی حسن چانڈیو اور فرحان قریشی کو 11 بوتل شراب سمیت گرفتار کرلیا۔ پڈعیدن میں نوشہروفیروز پولیس نے مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 4 ملزمان گرفتار کرلیے ۔ خانواہن پولیس نے اشتہاری شمس الدین چنہ، درس پولیس نے دو ڈکیت، جبکہ پڈعیدن پولیس نے منشیات فروش عبدالرزاق موروجو کو گرفتار کرلیا۔ملزمان سے چرس، پستول اور راؤنڈز برآمد کر کے مقدمات درج کرلیے گئے۔ سکھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتا ر کرکے منشیات، اسلحہ، گٹکا اور بھنگ برآمد کرلی۔ جیکب آباد میں تھانہ مبارکپور کی حدود سے دو ارب روپے مالیت کی بجلی کی قیمتی تاریں چوری کرلی گئیں۔پولیس نے سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ایک ملزم رفیق احمد بروہی کو گرفتار کرلیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں