کندھکوٹ کی بھیو برادری میں خونریز تصادم، 2 افراد ہلاک

کندھکوٹ کی بھیو برادری میں خونریز تصادم، 2 افراد ہلاک

مچھلی شکار کے تنازع پر فائرنگ سے خوف وہراس، علاقے میں پولیس تعیناتسہون میں جتوئی پنجوتھا تنازع پر ایک قتل، ڈوکری میں گولی سے نوجوان ہلاک

کندھکوٹ، سہون، ڈوکری (نمائندگان دنیا) کندھ کوٹ میں مچھلی شکار کے تنازع پر بھیو برادری میں باہمی خونریز تصادم سے 2 افراد ہلاک ہوگئے ، جبکہ سہون میں جتوئی پنجوتھا تنازع پر ایک شخص قتل کردیا گیا، ادھر ڈوکری میں گولی لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق کندھکوٹ کے قریب درانی مہر تھانے کی حدود میں بھیو برادری کے دو گروپوں میں مچھلی شکار کرنے پر تصادم ہو گیا، فریقین نے جدید اسلحہ سے ایک دوسرے پر فائرنگ کی، گولیاں لگنے سے یار محمد بھیو موقع پر ہی ہلاک جبکہ شبیر بھیو اور سونو بھیو سمیت تین افراد زخمی ہوئے ، زخمی شبیر بھیو سکھر کے اسپتال میں چل بسا، فائرنگ سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا، مزید خونریزی کے خدشے کے پیش نظر ایس ایس پی محمد مراد گھانگھرو نے انسانی جانیں بچانے کے لیے پولیس تعینات کردی۔ ادھر سہون کے نواحی گاؤں پکا چنا کے قریب جتوئی اور پنجوتھا برادریوں میں زمین کے تنازعے پر فائرنگ سے ایک شخص شہاب عرف چھوٹو جتوئی ہلاک اور 3 افراد زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کر دیا گیا، فائرنگ کرنے والے ملزمان موقع سے فرار ہوگئے دریں اثنا ڈوکری کے قریب مندھرا گاؤں میں 14 سالہ لڑکا مبینہ گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کے ورثاء کا کہنا ہے کہ حسنین ولد علی گوہر جونیجو کو پستول صاف کرتے گولی لگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں