منشیات گٹکا ماوا فروشوں کے سہولت کاروں کی فہرستیں اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت

منشیات  گٹکا  ماوا  فروشوں  کے  سہولت  کاروں  کی  فہرستیں  اپ  ڈیٹ  کرنے  کی  ہدایت

مافیا کے خلاف موثر کارروائیوں کے لیے میڈیا پلیٹ فارمز پر آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے گا،آئی جی کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیسز کی تفتیش میں گواہان کے بیانات، شواہد کا حصول اور ان کی بروقت حفاظت کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے ،غلام نبی میمن کا خطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)منشیات اور گٹکا ماوا فروشوں کے سرپرستوں کے خلاف کارروائی سخت کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔انسپکٹر جنرل پولیس سندھ (آئی جی )غلام نبی میمن کی زیر صدارت صوبے میں منشیات، گٹکا اور ماوا مافیاز کے خلاف پولیس اقدامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز کراچی، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ، ڈی آئی جیز ہیڈ کوارٹرز، اسپیشل برانچ، اے آئی جیز میڈیا سیل و ویلفیئر نے بالمشافہ شرکت کی جبکہ کراچی سمیت صوبے بھر کے ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منشیات اور گٹکا ماوا مافیاز کے خلاف موثر کارروائیوں کے لیے میڈیا پلیٹ فارمز پر آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) اسپیشل برانچ نے صوبے بھر میں جاری آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ایڈیشنل آئی جی کراچی نے اسپیشل برانچ کو ہدایت کی کہ منشیات اور گٹکا ماوا فروشوں کے سہولت کاروں کی موجود فہرستوں کا ازسرِنو جائزہ لے کر انہیں اپ ڈیٹ کیا جائے ، جبکہ ضلعی سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی کو بھی ضروری قرار دیا۔ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ نے کہا کہ نارکوٹکس اور گٹکا ماوا کیسز میں گرفتار ملزمان کی تفتیش کو غیر معمولی اور مؤثر بنایا جائے تاکہ عدالتوں سے ضمانت حاصل کرنے کی کوششوں کو ناکام بنایا جاسکے ۔

اجلاس سے خطاب کے دوران آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ہدایت کی کہ کیسز کی تفتیش میں گواہان کے بیانات، شواہد کا حصول اور ان کی بروقت حفاظت کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے اس نوعیت کے مقدمات پر متعلقہ ڈی آئی جیز کو خصوصی توجہ اور نگرانی کی ہدایت بھی کی۔آئی جی سندھ نے کہا کہ منشیات اور گٹکا ماوا مافیاز کے خلاف بہترین حکمت عملی کے باعث پولیس کو اہم کامیابیاں ملی ہیں، تاہم کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منشیات کی برآمدگی کو موجودہ قانون کے مطابق ڈیجیٹل ایویڈینس کے طور پر محفوظ کیا جائے اور موقع پر ہی ریکوری کی ویڈیو لازمی بنائی جائے ، جس سے تفتیش مضبوط ہوگی اور سزاؤں کے حصول میں مدد ملے گی۔اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ تمام ڈی آئی جیز اپنے ڈویژنز میں بہترین افسران کو نامزد کرنے کے لیے کمیٹیاں قائم کریں۔ ان کمیٹیوں کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ نہ صرف کارکردگی کے حامل افسران کی نشاندہی کریں بلکہ دورانِ ڈیوٹی غفلت و لاپرواہی کے مرتکب تفتیشی افسران کی فہرستیں بھی مرتب کریں۔ ایسے افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے جرائم کے خلاف بہترین کارکردگی پر کراچی اور حیدرآباد ڈویژنز کی ٹیموں کو شاباش بھی دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں