سکھر:ریلوے زمین واگزار کرانے کیلئے آپریشن، 20دکانیں سیل
دکانداروں کا احتجاج، زمین ریلوے کی ہے، واپس چاہئیں تو ایگریمنٹ کریں، ڈی ایس
سکھر(بیورو رپورٹ)پاکستان ریلویز نے سکھر ڈویژن میں اراضی پر قبضے ختم کرانے اور واگزار کرانے کے لیے آپریشن شروع کردیا، اس سلسلے میں حکام نے پولیس کے ہمراہ شہر کے مرکزی علاقے ایوب گیٹ پر آپریشن کیا، اس دوران پولیس کی مدد سے بیس سے زائد دکانیں سامان سمیت سیل کردیں جس کے خلاف دکانداروں نے احتجاج کیا اور ریلوے کی کارروائی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ وہ پچاس سال سے یہ دکانیں چلا رہے ہیں اور ہر ماہ باقاعدگی سے بلدیہ کو کرایہ ادا کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں ان کی دکانیں واپس دلائی جائیں۔ دوسری جانب رابطہ کرنے پر ڈی ایس ریلوے سکھر جمشید عالم نے بتایا کہ یہ دکانیں ریلوے کی اراضی پر قائم تھیں، جن کے خلاف حکومت پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں کارروائی کی گئی ہے ، یہ اراضی بلدیہ کی ملکیت نہیں ہے اگر دکاندار اپنی دکانیں واپس لینا چاہتے ہیں تو ریلوے کے ساتھ ایگریمنٹ کریں ہم ریلوے کے قواعد کے مطابق انہیں ایگریمنٹ کر کے دکانیں دینے کو تیار ہیں۔