وزیر اعظم آزاد کشمیر کی گڑھی خدا بخش آمد، مزاروں پرحاضری دی
2026 کی حکومت صرف ٹریلر، اگلے 5 سال بھی پیپلز پارٹی کے ہیں، فیصل ممتاز ہماری حکومت نے نوجوانوں کیلئے تاریخی اقدامات کئے ، کوئی بیروزگار نہیں رہا، گفتگو
نوڈیرو(نمائندہ دنیا)وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے گڑھی خدابخش پہنچ کر شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید بینظیر بھٹو اور دیگر رہنماؤں کے مزارات پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم تنویر الیاس سمیت دیگر رہنما بھی ہمراہ تھے ۔ میڈیا کے ساتھ گفتگو میں وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ 2026 سے 2031 تک آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت ہوگی، موجودہ حکومت مخالفین کے لیے محض ایک ٹریلر ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے نوجوانوں کے حقوق کے لیے ہم نے تاریخی اقدامات کیے ، ہماری حکومت کے بعد آزاد کشمیر میں کوئی نوجوان بے روزگار نہیں رہا۔
جبکہ تمام ایڈہاک ملازمین کو مستقل کرکے روزگار کا دیرینہ مسئلہ حل کر دیا ہے ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کے لیے ہزار سال تک جدوجہد کا جو عہد کیا تھا، آج ہم اسی مشن کی تجدید کے لیے یہاں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت کا سہرا بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور کی سیاسی حکمت عملی کو جاتا ہے ، کیونکہ ریاست کے عوام کا مکمل اعتماد پیپلز پارٹی پر ہے ۔فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ ہم ایل او سی پر بسنے والے لوگ ہیں، دشمن کے سامنے ہمیشہ سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق حکومت نے عوام کو فوری ریلیف دیتے ہوئے ہیلتھ کارڈ فراہم کئے ہیں۔