سکھر:سیل دکانوں سے 120من مضر صحت گوشت مبینہ غائب
فوڈ اتھارٹی حکام، بھاری پولیس نفری موجود، دکانیں کیسے کھلیں، شہریوں کے سوالات
سکھر(بیورو رپورٹ)سکھر میں سیل دکانوں سے مبینہ ایک سو بیس من مضر صحت گوشت غائب کردیا گیا، تین روز قبل سندھ فوڈ اتھارٹی اور پولیس کی جانب سے مضر صحت گوشت کی فروخت کے خلاف شہریوں کی شکایات پر کارروائی کی گئی تھی اور چار دکانوں اور گودام پر چھاپوں کے دوران ایک سو بیس من مضر صحت گوشت برآمد کر کے دکانوں اور گودام کو سیل کیا گیا تھا، لیکن تین روز گزرنے کے بعد ان دکانوں میں سیل کرکے رکھا گیا ایک سو بیس من مضر صحت گوشت غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس کی اطلاع پر سندھ فوڈ اتھارٹی کے حکام اور پولیس نے پہنچ کر سیل دکانوں کو کھولا اور چیک کیا تو گوشت غائب پایا گیا۔
اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد بھی وہاں موجود تھی، جنہوں نے سندھ فوڈ اتھارٹی کے حکام اور پولیس اہلکاروں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر سوالات کی بوچھاڑ کردی، جس سے سندھ فوڈ اتھارٹی کے حکام گھبرا گئے شہریوں نے سوال کیا کہ سیل دکانوں سے گوشت کس طرح غائب ہوا، کس نے دکانداروں کو دکانوں کی چابی دی کہ وہ دکانیں کھول کر گوشت لے گئے ، کیا عوام کو اسی طرح حرام کھلایا جاتا رہے گا، شہریوں کے سوالات پر ایس ایف اے حکام آئیں بائیں شائیں کرتے رہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جس نے بھی یہ حرکت کی ہے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔