پولیس مقابلوں میں 7زخمی ملزمان گرفتار،اسلحہ برآمد
ضلع وسطی میں کارروائیوں کے دوران موٹر سائیکلیں،موبائل فونز بھی ضبطزخمی ملزمان اسپتال منتقل ،پولیس نے مقدمات درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا
کراچی(اے پی پی)ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ سینٹرل میں اسٹریٹ کرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران مختلف تھانوں کی حدود میں پیش آنے والے پولیس مقابلوں میں 7 زخمی مبینہ ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سائیکلیں،موبائل فونز و مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا۔ اتوار کو ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مطابق پہلے مقابلے میں پولیس نے بلال کالونی کی حدود 4Kچورنگی سیکٹر 5Dنارتھ کراچی کے قریب سے 2اسٹریٹ کریمنلز محمد علی ولد مبارک اور نزاکت ولد اﷲ دتہ کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے ایک موٹر سائیکل، موبائل فون، نقدی اور 2 پستول 30 بور بمعہ راؤنڈ برآمدکرلیے۔ دوسرے مقابلے کے دوران نیو کراچی سیکٹر 11آئی حافظ جی مزار سروس روڈ کے قریب سے پولیس نے 2ملزمان ذکراﷲ ولد نذر محمد اور امین ولد جمیل کو گرفتارکرکے ایک موٹر سائیکل، 4موبائل فونز، نقدی اور 02پستول 30بور بمعہ راؤنڈ برآمد کرلیے۔ تیسرے مقابلے میں شاہراہِ نور جہاں پولیس نے 2ملزمان اکرام اﷲ ولد محمد زاہد اور حسن عرف بوجے ولد فضل الرحمن کو گرفتارکرکے 2 پستول 30بور بمعہ 4راؤنڈز، ایک موٹر سائیکل اور 3 موبائل فونز برآمدکرلیے جبکہ ادھر چوتھے پولیس مقابلے میں تھانہ سرسید شاہ محمد قبرستان کے قریب سے ملزم زاہد علی کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے پستول اور ایک موبائل فونز برآمد کرلیا۔پولیس نے زخمی ملزمان کو اسپتال منتقل اور مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیاہے ۔