متوسط طبقہ کیلئے سحر و افطار کے لوازمات پورے کرنا محال

متوسط طبقہ  کیلئے  سحر  و  افطار  کے  لوازمات  پورے  کرنا  محال

موثر حکمت عملی نہ ہونے کے باعث سرکاری قیمت پر پھل ، سبزی اور دیگر اشیاء ضروریہ کی فروخت کو یقینی نہ بنایا جاسکا شہری و ضلعی انتظامیہ کے نمائشی اقدامات کے باعث شہری ریلیف سے محروم ،من مانی قیمت پر اشیاء کی فروخت جاری

کراچی (سید علی مہدی )ماہ رمضان کے پہلے عشرے میں گرانفروشی کا سلسلہ نہ رک سکا ، کمشنر کراچی کے سخت احکامات کے باوجود موثر حکمت عملی نہ ہونے کے باعث سرکاری قیمت پر پھل ، سبزی اور دیگر اشیاء ضروریہ کی فروخت کو یقینی نہ بنایا جاسکا ۔ سرکاری قیمت کے بجائے مہنگے داموں پھل ، سبزی ، گوشت ، آٹے ،چینی ، مختلف اجناس سمیت دیگر اشیاء ضروریہ کی فروخت کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔ متوسط و غریب طبقہ کیلئے سحری و افطاری کے لوازمات پورے کرنا محال ہوگیا ۔ شہری و ضلعی انتظامیہ کے محدود و غیر موثر نمائشی اقدامات کے باعث شہری ریلیف سے محروم ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ماہ رمضان کے آغاز سے ہی ناجائز منافع خوری کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ مرکزی سبزی و فروٹ منڈی سمیت بڑے بازار اور مارکیٹوں میں سرکاری نرخ کے بجائے من مانی قیمت پر مہنگے داموں اشیاء کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے ۔

جس کے نتیجے میں شہر بھر میں گرانفروشی کو مزید فروغ مل رہا ہے ۔ خوردہ سطح پر پھل ، سبزیاں ، اور اجناس سمیت دیگر اشیا ضروریہ مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہیں ۔ جس سے عام آدمی کی قوت خرید بری طرح متاثر ہورہی ہے ۔ شہریوں کیلیے ماہ رمضان میں سحری و افطاری کے لوازمات کا اہتمام کرنا سخت امتحان بن گیا ہے ۔ خاص طور پر مہنگے داموں پھلوں کی فروخت کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد پھلوں کی خریداری سے قاصر نظر آتی ہے اور انتظامی اقدامات اور قیمت کم ہونے کے منتظر ہیں۔ کمشنر کراچی کے احکامات پر شہر بھر میں شہری و ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گرانفروشوں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں ۔ تاہم موٹر حکمت عملی نہ ہونے کے باعث تمام تر انتظامی اقدامات کے باوجود بھی شہری ریلیف سے محروم نظر آتے ہیں ۔ سات رمضان تک بھی پھل اور دیگر اشیاء مہنگے داموں فروخت ہونے کے باعث خریداری رجحان کم نظر آتا ہے ۔ دکاندار بھی صورتحال پر پریشانی کا اظہار کررہے ہیں ۔ پھل ، سبزی ، اجناس اور دیگر اشیاء کے کاروبار سے وابستہ تاجروں اور دکانداروں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب ہول سیل سطح پر اشیاء کی قیمت کنٹرول نہ کرنے کے باعث مہنگے داموں اشیاء کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے ۔ انتظامیہ کی جانب سے مرکزی منڈیوں اور بازاروں میں کاروائی کرکے سرکاری ریٹ پر عملدرآمد کرانے کے بجائے دکانداروں پر جرمانہ کیے جارہے ہیں ۔ جس سے مہنگائی میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں