لبنان پر اسرائیلی حملوں کیخلاف نمائش چورنگی پر احتجاجی جلسہ

لبنان پر اسرائیلی حملوں کیخلاف نمائش چورنگی پر احتجاجی جلسہ

علما و عوام کی بڑی تعداد میں شرکت، اسرائیل و امریکا کیخلاف نعرے بازی

کراچی (پ ر)ایران امریکا جنگ بندی کے باجود اسرائیل کے لبنان پر حملوں کے خلاف نمائش چورنگی پر احتجاجی جلسے کا انعقاد کیا گیا۔ ملت جعفریہ کی نمائندہ تنظیموں کی جانب سے ہنگامی کال پر منعقدہ جلسے میں علمائے کرام کے علاوہ معززین شہر، بچوں، خواتین اور جوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔خطاب کے دوران شرکا نے مقررین کی تائید میں امریکا اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے ۔ مقررین کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ایران سمیت خطے کے تمام محاذوں بشمول لبنان میں جنگ بندی ہوگی تاہم ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف کے الفاظ کا پاس نہیں رکھا اورلبنان سے متعلق سفید جھوٹ بول ڈالا۔ علمائے کرام نے مزید کہا کہ ٹرمپ نے نہ صرف پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو نقصان پہنچایا بلکہ ایران کیساتھ تجارت کرنے والے ممالک پر 50 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی بھی دی جس سے واضح ہوتا ہے کہ امریکا کی نیت میں خیر نہیں ۔ مقررین کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا جبکہ دوسری جانب اسرائیل نے لبنان پر بمباری شروع کردی جس سے اب تک معصوم بچوں اور خواتین سمیت 300 کے قریب نہتے افراد شہید ہوگئے ۔مقررین نے مزید کہا کہ یا تو خطے کے تمام محاذوں پر جنگ بندی ہوگی یا ہر جگہ اسرائیل اور امریکا کو ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں