قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی ہدایت

قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی ہدایت

کاروباری برادری اور عوام کی تحریری شکایات پر کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے ،وزیر داخلہ کی کمشنرکو ہدایت،انسدادتجاوزات ولینڈ گریبنگ کیخلاف قائم کمیٹی کااجلاسپولیس اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان کوآرڈی نیشن کو مزید مضبوط بنایا جائے گا ،آئی جی، قیام امن اور مفاد عامہ کے اقدامات میں حکومت کے ساتھ ہیں،تاجر رہنما

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت شہر قائد میں کاروباری برادری اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ۔ انسدادِ تجاوزات اور لینڈ گریبنگ کے خلاف قائم کمیٹی کا چوتھا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں قبضہ مافیا اور اراضی واگذاری سے متعلق 21 کیسز کا پوائنٹ ٹو پوائنٹ جائزہ لیا گیا اور ضروری ہدایات جاری کی گئیں ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ 21 کیسز میں سے 6 کیسز حل کیے جا چکے ہیں۔اجلاس میں تجاوزات اور زمینوں پر غیر قانونی قبضوں کے خلاف جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز بھی زیر غور آئیں۔وزیر داخلہ سندھ نے ہدایت کی کہ شہر میں شکایات کے مرتکب لینڈ مافیا کے خلاف جاری کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے اور قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز اور مؤثر آپریشن ہر سطح پر یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کمشنر کو ہدایت کی کہ تحریری شکایات پر کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے ۔مزید برآں سرکاری ونجی زمینوں پر غیر قانونی قبضوں کے خاتمے کیلئے واضح ٹاسکنگ کی جائے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید متحرک بنایا جائے ۔وزیر داخلہ نے زور دیا کہ لینڈ گریبنگ اور قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن، اراضی واگزاری میں شفافیت،احتساب اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر میکنزم ناگزیر ہے اور اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے واضح لائحہ عمل ترتیب دیا جائے ۔کمشنر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف جاری آپریشنز کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ،تمام ضلعی انتظامیہ انسدادِ تجاوزات مہم میں مزید متحرک ہے اور شہر میں سرکاری اراضی کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ قبضوں کے خاتمے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط بنایا جائے گا جبکہ پولیس، کمشنر کراچی اور تاجر برادری کے درمیان قریبی رابطہ برقرار ہے ۔اجلاس میں کمشنر کراچی،سیکریٹری داخلہ سندھ اقبال میمن،آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو، اینٹی کرپشن اور ہوم ڈپارٹمنٹ کے نمائندگان،کاروباری برادری کے نمائندے ، چیئرمین آباد،صدر کے سی سی آئی،ایف پی سی سی آئی کی اینٹی کرپشن کمیٹی کے ارکان سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔تاجر برادری نے کہا کہ قیامِ امن اور مفاد عامہ کے اقدامات میں وہ حکومت کے ساتھ ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں