جھڈو اور پنگریو میں زرعی پانی کی قلت سے فصلیں شدید متاثر
جمڑاؤ کینال کے بالائی علاقوں میں وافر پانی موجود، ٹیل میں فصلیں سوکھنے لگیںکوٹری بیراج پر پانی کی صورتحال تسلی بخش ہونے کے باوجود اکرم کینال میں قلت
جھڈو، پنگریو (نمائندگان)جمڑاؤ کینال کی ٹیل بگی مائنر میں پانی کی شدید قلت موجود ہے جس سے علاقے کی زراعت کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے اور رواں سیزن کی مرچ کپاس سمیت دیگر فصلیں تباہ ہورہی ہیں جبکہ جمڑاؤ کے اوپری علاقوں میں پانی وافر مقدار میں موجود ہے ، ٹیل آبادگار یونین بگھی مائنرز کے رہنماؤں ایاز کھوسو، جلیل انڑ اور دیگر نے کہا ہے کہ اس وقت نارا کینال میں 13 ہزار کیوسک پانی چل رہا ہے جبکہ کینال سے نکلنے والی جمڑاؤ کینال کے ٹیل میں غیر قانونی اور غیر منصفانہ وارہ بندی جاری ہے آبادگا رہنماؤں کے مطابق پچان موری سے لے کر 113 میل موری تک بااثر بڑے آبادگاروں کی جانب سے بند باندھ کر لفٹ مشینوں کے ذریعے پانی چوری کیا جارہا ہے جس سے ٹیل میں پانی نہیں پہنچ رہا۔
دوسری جانب بدین کے علاقے پنگریو میں بھی پانی کا بحران ہے ، کوٹری بیراج پر پانی کی صورتحال تسلی بخش ہونے کے باوجوداکرم کینال میں قلت برقرار ہے ، جس سے ہزاروں ایکڑ پر فصلیں متاثر ہورہی ہیں، جبکہ شہری علاقوں میں پینے کے لئے پانی بھی نایاب ہونے لگا ہے ، محکمہ آبپاشی کے اعدادوشمار کے مطابق کوٹری بیراج پر پانی کی مقدار 9ہزارکیوسک کے قریب ہے اس کے باوجود اکرم کینال کے متعلقہ سب ڈویژنوں کو مطلوبہ پانی فراہم نہیں کیا جارہا۔، جسے مقامی آبادگاروں اور شہری تنظیموں نے انتظامی نااہلی اور ناقص منصوبہ بندی کا شاخسانہ قرار دیا ہے ۔ وارہ بندی کے اس غیر معمولی دورانیے نے زرعی سرگرمیوں کو مفلوج کردیا ہے ۔