نقل کرنے والے طلبہ پرمستقل پابندی کا انتباہ
ملوث طالب علم کے تمام پرچے فوری طور پر منسوخ کر دیے جائیں گےملوث عملے کومحکمانہ کارروائی کے بعد نوکری سے فارغ کر دیا جائے گا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ حکومت نے نقل کرنے والے طلبہ اور ملوث عملہ کے خلاف بڑے فیصلے کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ طالب علم پر بورڈ کے امتحانات دینے پر مستقل پابندی عائد کی جا سکتی ہے ۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں نقل روکنے کے لیے اب تک کی سخت ترین حکمت عملی تیار کر لی ہے ۔صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ اور وزیر بورڈز و جامعات محمد اسماعیل راہو نے ایک مشترکہ بیان میں نقل کے خلاف ’’زیرو ٹالرنس پالیسی‘‘ نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔نئے قوانین کے تحت نقل کرنے والے طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ سکتا ہے ، صوبائی وزراء نے کہا کہ نقل کرتے ہوئے پکڑے جانے والے طالب علم پر بورڈ کے امتحانات دینے پر مستقل پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔
جبکہ نقل میں ملوث پائے جانے والے طالب علم کے تمام پرچے فوری طور پر منسوخ کر دیے جائیں گے ۔مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ موبائل فون یا نقل کا مواد رکھنے والے طالب علم کو فوری طور پر امتحانی مرکز سے باہر نکال دیا جائے گا اور اسے جاری یا آئندہ کسی بھی بورڈ امتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔حکومت نے امتحانی عملے کو بھی وارننگ جاری کر دی ہے کہ اگر کوئی انویجیلیٹر، انٹرنل، ایکسٹرنل یا کوئی بھی انتظامی افسر نقل میں ملوث پایا گیا تو اسے محکمانہ کارروائی کے بعد نوکری سے فارغ کر دیا جائے گا۔