شہریوں نے الخدمت کوریکارڈ کھالیں دیں، نوید بیگ
ہزاروں خاندانوں میں فی سبیل اﷲ قربانی کا گوشت بھی تقسیم کیا گیا اجتماعی قربانی کی سہولت فراہم کی گئی ،چیف ایگزیکٹو کا عوام سے اظہار تشکر
کراچی(این این آئی)عیدالاضحیٰ پر چرم قربانی مہم کے دوران شہریوں نے الخدمت کوریکارڈ کھالیں دیں ،جبکہ فی سبیل اﷲ قربانی میں بھی مخیر حضرات کی جانب سے سیکڑوں قربانی کا اہتمام کیا گیا ۔فی سبیل اﷲ قربانی کا گوشت الخدمت کے رضاکاروں نے گڈاپ سمیت کراچی کے مضافاتی علاقوں کے مستحقین میں تقسیم کیا جس سے ہزاروں خاندانوں نے استفادہ کیا ۔چرم قربانی مہم کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشدقریشی ،انچارج قربانی پراجیکٹ سرفراز شیخ نے مانیٹر کیا اوربہترین اور منظم انتظامات کو یقینی بنایا،امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن ،قائم مقام امیرکراچی سیف الدین ایڈووکیٹ ،سیکریٹری جماعت اسلامی کراچی توفیق الدین صدیقی ،چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ ،ڈائریکٹو ڈائیگنوسٹک سروسز ڈاکٹر عظیم الدین ،ڈائریکٹر بنو قابل پروگرام فاروق کاملانی ،ڈائریکٹر واش پروگرام گوہر الا سلام نے چرم قربانی اور فی سبیل اﷲ قربانی مراکز کا دورہ کیا اور الخدمت کے انتظامات کو سراہا ۔ چیف ایگز یکٹو نوید علی بیگ نے اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ قربانی کی ریکارڈ کھالیں الخدمت کو دینے پر اہل کراچی کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ایک بار پھر ہم پر اعتمادکا اظہار کیا اورالخدمت کو 2025 کے مقابلے میں ریکار ڈ کھالیں دیں ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت نے شہر بھر میں قربان گاہیں قائم کی تھیں جہاں شہریوں کو اجتماعی قربانی میں شرکت کا موقع فراہم کیا تھا۔