قابل رہائش شہروں میں کراچی کی تنزلی تشویشناک ،سیف الدین

قابل رہائش شہروں میں کراچی کی تنزلی تشویشناک ،سیف الدین

شہر کی تنزلی کی اصل وجہ پیپلزپارٹی کی حکومت میں بدعنوانی اور نا اہلی کا عروج میئرکے ذریعے کے ایم سی میں بھی صوبے والا سسٹم ہی چل رہا ، اپوزیشن لیڈر

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر اور بلدیہ عظمیٰ کراچی میں قائد حزب اختلاف سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ قابل رہائش شہروں کی فہرست میں کراچی کا 170 نمبر پر آنا شرم کا باعث ہے ۔کراچی کی قابل رہائش شہروں میں تنزلی تشویش ناک ہے ، مرتضیٰ وہاب کے دور میں ہر سال یہ نمبر بڑھ رہا ہے جو ان کی نا اہلی ظاہر کرتا ہے ، قبضہ میئر کے دور میں شرم ناک صورت حال یہ بھی ہے کہ کراچی دنیا کا چوتھا ناقابل رہائشی ترین شہر بن گیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی کا رہائش کیلئے 4 بدترین شہروں میں شمار ان کی انتظامی نااہلی اور کے ایم سی میں جاری کرپشن کے نظام کو واضح کرتا ہے ، 2021 تک کراچی کا نمبر 134 تھا، مرتضیٰ وہاب کے دور میں 2022 سے مسلسل تنزلی کے بعد 170 نمبر پر آگیا ۔ عالمی جریدے دی اکانومسٹ کی گزشتہ روز جاری رپورٹ کے مطابق کراچی 2026 کی عالمی درجہ بندی میں 173 میں سے 170 ویں نمبر پر آیا ہے ۔سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ کراچی کی مسلسل تنزلی کی اصل وجہ پیپلزپارٹی کی حکومت میں بدعنوانی اور نا اہلی کا عروج ہے ۔کے ایم سی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب کے ذریعے کے ایم سی میں بھی صوبے والا سسٹم ہی چل رہا ہے ۔رہنما جماعت اسلامی نے کہا کہ پی پی پی حکومت اور اس کے مسلط کردہ میئر نے قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں