ڈی ایچ اے میں تالا توڑ گروپ کی واردات، ڈیڑھ کروڑ روپے کے رم اور ٹائر چوری
چوری شدہ سامان سے بھری گاڑی شاہ لطیف ٹاؤن سے برآمد، ایک ملزم بھی گرفتار، مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے ، 3 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار،مقدمات درج ، 2 ساتھی موقع سے فرار
کراچی(این این آئی)ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے ) فیز 2 میں تالا توڑ گروپ نے دکان کے تالے توڑ کر مبینہ طور پر ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کے رم اور ٹائر چوری کرلیے ۔ پولیس نے چوری شدہ سامان سے بھری گاڑی برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزمان نے ڈی ایچ اے فیز 2 میں واقع دکان کو نشانہ بنایا اور تالے توڑ کر بڑی تعداد میں رم اور ٹائر گاڑی میں لوڈ کرکے فرار ہوگئے ۔ چوری کیے گئے سامان کی مجموعی مالیت تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے بتائی گئی ہے ۔ پولیس حکام کے مطابق واردات کے بعد ملزمان چوری شدہ سامان سے بھری گاڑی شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے میں چھوڑ کر فرار ہوگئے جسے پولیس نے برآمد کرلیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ واردات میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔علاوہ ازیں مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 3 ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ان کے 2 ساتھی موقع سے فرار ہو گئے ۔پولیس کے مطابق نارتھ ناظم آباد ڈینٹل کالج بلاک این کے قریب مقابلے کے دوران ملزم محمد فرمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔ نارتھ ناظم آباد میں ایک ڈاکوجنید زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔ادھر نیو کراچی سیکٹر بی سکس ندی کنارے ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔تینوں واقعات میں مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے پستول ، موبائل فونز اور نقد رقم برآمد کرلی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments