پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف جامع کریک ڈاؤن کا فیصلہ
شرجیل میمن کا ڈیجیٹائزڈ روٹ پرمٹ، فٹنس سرٹیفکیٹ اور فائر ایکسٹنگوشر کے بغیرچلنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا حکم خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں اور آپریٹرز کی فہرست تیار کی جائے ،دستی روٹ پرمٹس کو منسوخ کیا جائے گا،سینئر وزیر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)حکومت نے صوبے بھر میں پبلک سروس وہیکلز کے خلاف جامع انفورسمنٹ مہم اور کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے صوبائی و ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز، تمام ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز (DRTAs) اور موٹر وہیکل انسپیکشن ونگ کو فوری طور پر سخت چیکنگ اور انفورسمنٹ ڈرائیو شروع کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ افسران کو ہر دو ہفتے بعد کی جانے والی کارروائی اور مزید بہتری کے لیے سفارشات پر مشتمل تفصیلی رپورٹ محکمہ ٹرانسپورٹ کو جمع کرانے کا بھی حکم دیا گیا ہے ۔سندھ کے سینئر وزیرشرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بغیر ڈیجیٹائزڈ روٹ پرمٹ، درست فٹنس سرٹیفکیٹ اور لازمی فائر ایکسٹنگوشر کے چلنے والی پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ متعدد پبلک سروس گاڑیاں تاحال ڈیجیٹائزڈ روٹ پرمٹ اور درست فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چل رہی ہیں، جبکہ بعض گاڑیوں میں فائر ایکسٹنگوشر بھی موجود نہیں، ایسی خلاف ورزیاں مسافروں کی حفاظت کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ تمام پبلک سروس گاڑیوں کے ڈیجیٹائزڈ روٹ پرمٹس کی مکمل تصدیق کی جائے گی، جبکہ دستی روٹ پرمٹس کو غیر موثر تصور کرتے ہوئے منسوخ کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں اور آپریٹرز کی جامع فہرست تیار کی جائے اور ہر دو ہفتے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ کو رپورٹ بھی جمع کرائی جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بغیر درست فٹنس سرٹیفکیٹ چلنے والی گاڑیوں کو فوری طور پر تحویل میں لیا جائے ، جبکہ بار بار خلاف ورزی کرنے والے آپریٹرز کے نام بلیک لسٹنگ کے لیے تجویز کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام پبلک سروس گاڑیوں میں مقررہ حفاظتی معیار کے مطابق فعال فائر ایکسٹنگوشر کی موجودگی لازمی ہے اور موٹر وہیکل انسپیکٹرز کو اچانک معائنے کرکے خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے ۔صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانے ، روٹ پرمٹ کی معطلی اور ضرورت پڑنے پر لائسنس کی منسوخی سمیت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی پبلک سروس گاڑی کو لازمی حفاظتی تقاضے پورے کیے بغیر سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments