کوچ اوورٹیک کے دوران ٹریلر سے ٹکراگئی ،2مسافر جاں بحق
کندھکوٹ جانے والی کوچ کو حادثہ لنک روڈ پر پیش آیا،36مسافر زخمی،جاں بحق افراد کی لاشیں جناح اسپتال منتقل ماڑی پور روڈ نیو ٹرک اڈہ گیٹ نمبر 5کے قریب منی ٹرک کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار نوجوان چل بسا،ڈرائیور فرار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی سے حیدرآباد جانے والی لنک روڈ پر کندھکوٹ جانے والی کوچ ٹریلر کو اوورٹیک کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 36 مسافر زخمی ہو گئے ۔ترجمان ریسکیو 1122 سندھ کے مطابق حادثہ لنک روڈ پر پیش آیا جہاں مسافر کوچ اوورٹیک کے دوران ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو جناح اسپتال کراچی منتقل کر دیا گیا ہے ۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک کی شناخت پنہل خان کے نام سے ہوئی ہے جو متاثرہ کوچ کا ڈرائیور بتایا جاتا ہے جبکہ دوسرے شخص کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ر یسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں 36 افراد معمولی زخمی بھی ہوئے جنہیں موقع پر ہی طبی امداد فراہم کر دی گئی۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ علاوہ ازیں ماڑی پور روڈ نیو ٹرک اڈہ گیٹ نمبر 05 کے قریب منی ٹرک کی ٹکر سے بائیک سوار ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق نوجوان کی شناخت 18 سالہ سلمان کے نام سے ہوئی ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر متوفی کی لاش کو اپنی اسپتال منتقل کر دیا جبکہ ڈرائیور ٹرک موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے جبکہ ٹرک کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا۔ مزید برآں ناردرن بائی پاس پر پاکستان کسٹمز کی گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 5 افراد زخمی ہو گئے جبکہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق کسٹمز کی گاڑی مبینہ طور پر اسمگلروں کی مشتبہ گاڑی کا پیچھا کر رہی تھی۔ پیچھا کرنے کے دوران گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی۔حادثے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی شناخت شعیب، سلیمان، شعبان، عالو اور رزاق کے ناموں سے ہوئی ہے ۔ ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے ۔حادثے کے بعد گاڑی کے مختلف حصے سڑک پر بکھر گئے تھے ۔ ریسکیو اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملبہ ہٹا کر سڑک کو ٹریفک کے لیے کلیئر کر دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments