یوسیز کو500جدید اسٹریٹ لائٹس فراہم

یوسیز  کو500جدید  اسٹریٹ  لائٹس  فراہم

تقریب میں یونین کونسلز کی سطح پر شہری سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے ٹاؤنز چیئرمینوں میں 50 فیومیگیشن مشینیں بھی تقسیم کردی گئیںخراب فائر ٹینڈرز رواں سال بحال کرکے سڑکوں پر لائیں گے ، فائر بریگیڈ کی اپ گریڈیشن پر 7 ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں، مرتضیٰ وہاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ربیع الاول کے موقع پر یوسی چیئرمینز کی درخواست پر گلی محلوں میں اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی کا وعدہ پورا کردیا گیا ہے ، جبکہ ٹاؤن چیئرمینز کو فیومیگیشن مشینیں بھی فراہم کی جارہی ہیں تاکہ یوسیز کی سطح پر شہری سہولیات کو مزید بہتر بنایا جاسکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کوصدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ٹاؤن چیئرمینوں کو فیومیگیشن مشینوں اور یوسی چیئرمینوں کو جدید اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر، مشیر مالیات گلزار ابڑو، سٹی کونسل میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، دیگر سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز اور مختلف یوسیز کے چیئرمین شریک ہوئے ۔میئر کراچی نے کہا کہ یوسی چیئرمینز کو مجموعی طور پر 500 جدید اسٹریٹ لائٹس جبکہ ٹاؤن چیئرمینز کو 50 فیومیگیشن مشینیں فراہم کی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ فائر سیفٹی کا سامان، جس میں آکسیجن ماسک اور دیگر ضروری آلات شامل ہیں، محکمہ فائر بریگیڈ کے حوالے کردیا گیا ہے تاکہ آگ بجھانے کے دوران فائر فائٹرز کو تحفظ فراہم کیا جاسکے ۔ خراب فائر ٹینڈرز کو بھی رواں سال بحال کرکے کراچی کی گلیوں، محلوں اور سڑکوں پر لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ رواداری کی سیاست کا آغاز ہوچکا ہے اور منتخب نمائندوں کی محنت سے کراچی کے تمام علاقوں میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔ سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے شہر کی بہتری کے لیے مل بیٹھ کر کام کرنا ہوگا۔میئر کراچی نے بتایا کہ پاک چین تعلقات کی 75 سالہ تقریب کے دوران چینی قونصلیٹ جنرل سے بات ہوئی تھی، جس میں چینی حکومت کی جانب سے کراچی میں فیومیگیشن کے حوالے سے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔ انہوں نے اس تعاون پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری تمام ترقیاتی کاموں کی تفصیلات کے ایم سی کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے شہر اور عوامی نمائندوں کے مینڈیٹ کی خاطر خدمت کا سلسلہ مزید آگے بڑھایا جائے گا۔میئر کراچی نے کہا کہ سگ گزیدگی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے کے ایم سی کونسل کو فیصلہ کرنا ہے کہ شہر کی بہتری کے لیے اس حوالے سے کیا اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بہتری اور ترقی کا سفر اسی طرح جاری رہے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...