محکمہ لائیواسٹاک نوجوانوں کو روزگار فراہم کر رہا ، علی ملکانی
مویشی پالنے والوں کی خدمت کیلئے تربیت یافتہ نوجوان اہم کردار ادا کرینگےکارکردگی رپورٹ دیگر صوبوں کو بھی بھیجی جائے ،سیکریٹری لائیواسٹاک
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کا لائیواسٹاک محکمہ اپنے نوجوانوں کو تربیت دے کر روزگار کے مواقع فراہم کر رہا ہے جبکہ یہ تربیت یافتہ نوجوان ہمارے سندھ کے مویشی پالنے والوں کی بھی خدمت کر سکیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے لائیوسٹاک اینڈ فشریز محمد علی ملکانی نے جمعہ کوکورنگی میں سندھ انسٹیٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ کے ٹریننگ سینٹر میں 6 ماہ کا ڈپلومہ کورس اور انٹرن شپ مکمل کرنے والے نوجوانوں میں سرٹیفکیٹس اور کورس میں استعمال ہونے والے سائنسی آلات (انسٹرومنٹس)تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل، ڈائریکٹر جنرل سندھ انسٹیٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ ڈاکٹر نظیر حسین کلہوڑو نے صوبائی وزیر اور آئے ہوئے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے اس تربیتی پروگرام سے متعلق معلومات فراہم کیں۔
اس موقع پر سیکریٹری لائیوسٹاک اینڈ فشریز ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی، ڈی جی پولٹری سندھ ڈاکٹر صلاح الدین شاہ اور ڈی ایس لائیوسٹاک محمد عمران بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیرنے مزید کہا کہ ڈاکٹر نظیر حسین کلہوڑو اور سندھ انسٹیٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ کے دیگر افسران نے بڑی محنت کی ہے ، میں انہیں شاباش دیتا ہوں۔ اب ایسا نظر آ رہا ہے کہ ہمارے تمام ادارے محنت کر رہے ہیں تاکہ مستقبل میں ہمارا نوجوان یہ تمام ادارے سنبھال سکے ۔ سیکریٹری لائیواسٹاک اینڈ فشریز ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی نے کہا کہ اس ادارے کی محنت اور کارکردگی کو پرنٹ کروا کر ملک کے دیگر صوبوں کو بھی بھیجا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments