یلو لائن کی بروقت تکمیل کے لئےدن رات کام کےاحکامات
بی آر ٹی منصوبے کے تمام متعلقہ کاموں کو باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت آگے بڑھایا جائے ،شرجیل میمن بڑھتی ہوئی آبادی اور سفری ضروریات کے پیش نظر جدید پبلک ٹرانسپورٹ نظام ناگزیر ہے ،سینئر وزیر کااجلا س سے خطاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے یلو لائن بی آر ٹی کی بروقت تکمیل کے لئے منصوبے پر دن رات کام کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ سینئر وزیر کی زیر صدارت یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، پروجیکٹ ڈائریکٹر یلو لائن کمال دایو، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بہزاد میمن اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں یلو لائن بی آر ٹی کے مختلف تعمیراتی کاموں، منصوبے پر جاری پیش رفت اور اہم حصوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ متعلقہ حکام نے سینئر وزیر کو منصوبے پر جاری کام اور مختلف تعمیراتی پیکیجز کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کے تمام متعلقہ کاموں کو باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت آگے بڑھایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یلو لائن بی آر ٹی کراچی کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام میں ایک اہم منصوبہ ہے ، اس لیے تعمیراتی کام دن رات جاری رکھا جائے تاکہ جدید سفری سہولیات کی فراہمی کا یہ منصوبہ جلد از جلد مکمل ہو سکے ۔
شرجیل انعام میمن نے تاج حیدر پل کے دوسرے حصے پر جاری تعمیراتی کام کو بھی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تاج حیدر پل کے تعمیراتی کام میں تیزی سے پیش رفت یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے منصوبے کے اہم حصے ڈپوز کے تعمیراتی کام کو بھی ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھانے اور منصوبے کے ہر حصے کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی کام کی رفتار کے ساتھ ساتھ معیار کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ کراچی میں جدید اور مربوط ماس ٹرانزٹ نظام کی فراہمی کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے ۔ یلو لائن بی آر ٹی سندھ حکومت کے جامع ٹرانسپورٹ وژن کا حصہ ہے ، جبکہ کراچی کی بڑھتی ہوئی آبادی اور سفری ضروریات کے پیش نظر جدید پبلک ٹرانسپورٹ نظام ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ عوام کو بہتر، جدید اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments