چھوٹی الائچی 4ہزار،کالی مرچ200روپے کلو مہنگی
چند ہفتوں میں الائچی کی قیمت 12 ہزار سے تجاوز،سرخ مرچ 50روپے اضافے سے 650 روپے کلو ہو گئی،زیرہ کے نرخ 450 سے 550 روپے ہو گئےمرچ سیاہ 700 پر پہنچ گئی،مکس گرم مصالحہ 200 روپے مہنگا، 850 روپے کلوہو گیا، عالمی منڈی میں ہی نرخ بڑھ چکے :صدر لاہور کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن
لاہور( عبدالقادر مدنی سے )مہنگائی نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا،لال مرچ، زیرہ، کالی مرچ اور گرم مصالحہ جات کی قیمتوں میں چند ہفتوں میں غیر معمولی اضافہ کردیا گیا،چھوٹی الائچی 4 ہزار،کالی مرچ 200 روپے کلو مہنگی ہو گئی۔ زیرہ کی قیمت پہلے 450روپے کلو تھی جوکہ بڑھ کر 550روپے کلو تک پہنچ چکی ہے ۔ اسی طرح کالی مرچ 500روپے سے مہنگی ہوکر 700روپے کلو تک فروخت کی جانے لگی ۔ لال مرچ 600 سے 650روپے کلو تک پہنچ گئی ۔ مکس گرم مصالحہ کی قیمت650روپے کلو تھی جو بڑھا کر850روپے کلو تک کردی گئی ۔ اسی طرح الائچی سبز یا چھوٹی الائچی کی قیمت پہلے 8000روپے کلو تھی جو غیر معمولی طوپر مہنگی ہوکر12ہزار روپے کلو سے تجاوزکرچکی ہے ۔ 50روپے سے لیکر4ہزار روپے کلو تک مرچ مصالحہ جات کی قیمتوں میں اضافے سے شہریوں پر اضافی بوجھ پڑنے لگا ۔ اس حوالے سے صدر لاہور کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن حافظ محمد عارف نے روزنامہ دنیا سے گفتگو میں بتایا کہ لال مرچ مقامی سطح پر تیار کی جاتی ہے اور اس کی فصل بھی ملکی ہے جبکہ دیگر تمام مصالحہ جات جن میں زیرہ ، الائچی ، کالی مرچ وغیرہ شامل ہیں عالمی منڈیوں سے درآمد کئے جاتے ہیں اور عالمی منڈیوں میں مرچ مصالحہ جات کی قیمتیں بڑھ چکی ہیں جس کے باعث شہر کی پرچون مارکیٹ پر گہرے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔