وزیراعلیٰ سے واسا کی سمریز منظور،فنڈز جاری نہ ہوسکے

وزیراعلیٰ سے واسا کی سمریز منظور،فنڈز جاری نہ ہوسکے

لاہور (سٹاف رپورٹر سے) واسا نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے وزیراعلیٰ کو سمریز ارسال کیں جنہیں منظور تو کر لیا گیا مگر فنڈز جاری نہ ہوسکے۔

سیوریج، واٹر سپلائی اور بارشی پانی کو محفوظ بنانے کے تمام منصوبوں کیلئے فنڈز نہیں ملے ۔واسا انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور نئی مشینری کی خریداری کا منصوبہ بنایا گیا۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے واسا سمری کی منظوری کی سفارش کی جس کے بعد وزیر اعلی آفس کو ارسال کی گئی۔ واسا کے سسٹم کی اپ گریڈیشن کے لئے 16 ارب 80 کروڑ 74 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کرنے کی استدعا کی گئی۔واسا نے شہر کے بوسیدہ سیوریج انفراسٹرکچر کو تبدیل کرنے کے لئے 10 ارب 51 کروڑ 74 لاکھ روپے بھی مانگے ۔سمری منظور ہونے کے باوجود محکمہ خزانہ نے فنڈز نہیں دئیے ۔قذافی سٹیڈیم واٹر ٹینک کیلئے فنڈز منظور ہونے کے بعد اجرا نہ ہوسکا۔واسا نے سپلیمنٹری گرانٹ کے ذریعے ایک ارب 43 کروڑ 30 لاکھ روپے کے فنڈز کی استدعا کی ۔ایم ڈی واسا نے رواں مالی سال فنڈز کے حصول کیلئے سمری وزیر اعلیٰ کو ارسال کی۔ واسا نے 58 جاری ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے 75 کروڑ 40 لاکھ روپے کے فنڈز کی استدعا کی لیکن ان کے لئے بھی فنڈز نہیں دئیے گئے ۔واسا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فنڈز کے حصول کیلئے پنجاب حکومت کو استدعا کرچکے ہیں، رواں مالی سال فنڈز کے اجرا سے منصوبے مکمل کریں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں