شاہدرہ میٹرو سٹیشن: تعمیراتی لاگت میں 18 کروڑ اضافہ

شاہدرہ میٹرو سٹیشن: تعمیراتی لاگت میں 18 کروڑ اضافہ

لاہور(شیخ زین العابدین)شاہدرہ میٹرو سٹیشن کی تعمیراتی لاگت میں 18 کروڑ روپے اضافہ ہوگیا۔ افتتاح میں تاخیر اور منصوبے کی لاگت میں اضافے سے سرکاری خزانے پر بوجھ پڑا۔

شاہدرہ نئے میٹرو سٹیشن کی تعمیر کیلئے 14 کروڑ 34 لاکھ 39 ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا تھا، تعمیراتی کام پر 32 کروڑ روپے لاگت آئی۔ تفصیل کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے شاہدرہ ملٹی لیول گریڈ سیپریشن پراجیکٹ کے تعمیراتی کام کے دوران شاہدرہ میٹرو سٹیشن کو بھی جزوی طور پر مسمار کر دیا گیا تاہم نگران پنجاب حکومت نے سٹیشن کو ماڈل قرار دیکر نیا بنانے کا حکم نامہ جاری کیا،لیکن سٹیشن مقررہ مدت میں مکمل ہوسکا اور نہ ہی منظور شدہ فنڈنگ کے مطابق اخراجات ہوئے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گزشتہ روز 5 مئی کو شاہدرہ میٹرو سٹیشن کا افتتاح کر دیا تاہم افتتاح میں تاخیر اور منصوبے کی لاگت میں اضافے سے سرکاری خزانے پر بوجھ پڑا۔ نئے بننے والے شاہدرہ سٹیشن کو تعمیر کرنے کی ذمہ داری ایل ڈی اے کے سپرد کی گئی۔ ایل ڈی اے کو دو ماہ کی ڈیڈ لائن دی گئی جو15 مارچ مقرر تھی،اس کے برعکس سٹیشن ڈیڈ لائن کے ایک ماہ 20 دن بعد میٹرو بس کے لئے کھولا گیا۔ شاہدرہ فلائی اوور کی تعمیر کے دوران شاہدرہ میٹرو سٹیشن گرا دیا گیا تھا اور ری ویمپنگ کے لئے نیا سٹیشن تعمیر کیا گیا جس کی تعمیر کیلئے 14 کروڑ 34 لاکھ 39 ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔تاہم تعمیر اور تزئین و آرائش پر 32 کروڑ روپے لاگت آئی۔یوں سٹیشن کی تعمیراتی لاگت میں ایک سو فیصد اضافہ ہوا۔ سٹیشن کی ری ویمپنگ اور تعمیرات پر سولہ سولہ کروڑ روپے لاگت آئی۔ میٹرو سٹیشن کی لاگت میں اضافے کے ریوائزڈ پی سی ون کی پنجاب حکومت سے منظوری لی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں