بھاٹی سے کٹری حاجی اللہ بخش تک بحالی حتمی مرحلے میں
لاہور(سہیل احمد قیصر)لاہور کے مشہور بھاٹی دروازے سے کٹری حاجی اللہ بخش تک کے علاقے کی بحالی کا منصوبہ حتمی مرحلے میں داخل، منصوبے کے دوران ایک ہزار 38 عمارتوں کو بحال کیا جائے گا۔
مجموعی لاگت کا تخمینہ 1ہزار 730 ملین روپے ہے ۔ تفصیلات کے مطابق رواں سال شروع ہونے والا منصوبہ آئندہ سال کے آغا ز میں مکمل ہوجائے گا۔بتایا گیا ہے کہ منصوبے کو دو مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس دوران گھروں کی بیرونی دیواروں اور بنیادی ڈھانچوں کو بحال کیا جارہا ہے ۔ اس علاقے میں موجود 194 ہیریٹیج عمارتوں میں سے تقریباً 35 عمارتیں بہترین فن تعمیر کا نمونہ قراردی جاتی ہیں جن کی بحالی کا کام جاری ہے ۔ اِس حوالے سے والڈ سٹی کی ڈائریکٹر مارکیٹنگ تانیہ قریشی نے بتایا کہ یہ جگہ کسی زمانے میں لاہور کی چیلسی کے نام سے جانی جاتی تھی ،جن میں شاعر، گلوکار، کھلاڑی اور فنکار شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اِن شخصیات میں علامہ اقبال، آغا حشر، فصیح الملک، داغ دہلوی، چودھری سر شہاب الدین، فقیر سید عزیز الدین، گلوکار رفیع، موسیقار خواجہ خورشید انور اور متعدد دیگر شخصیات شامل ہیں۔ڈائریکٹر جنرل ڈبلیو سی ایل اے کامران لاشاری نے بتایا کہ جلد ہی اسے دہلی دروازے کی طرح سیاحتی مرکز میں تبدیل کریں گے۔