نئے سال پر الیکٹرک بسوں کی خوشخبری
لاہور (سٹاف رپورٹر سے) ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی فراہمی کا وعدہ تکمیل کے قریب پہنچ گیا۔ پنجاب میں میں الیکٹرک بسوں کو چلانے کیلئے ابتدائی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔
پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی نے بسیں چلانے کے لئے آپریٹرز ہائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ الیکٹرک بسیں چلانے کے لئے نیشنل اور انٹرنیشنل آپریٹرز کو بڈ میں مدعو کیا جائے گا۔2025 نئے سال کا تحفہ پنجاب کے عوام کو ملنے کیلئے تیار ہے ۔ الیکٹرک بسیوں کی تیاری سے سواری تک تمام مراحل کی مکمل نگرانی کی جارہی ہے ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ نے چین سے درآمد کی جانے والی بسوں کی تیاری کی مکمل ویڈیو جاری کر دی۔ویڈیو میں الیکٹرک بسوں کی تکمیل کے دوران ہر ضروری پہلو کی مکمل ٹیسٹنگ ہوتی دکھائی گئی ہے ۔بسوں کی رفتار، ٹائروں کے معیار اور شارٹ سرکٹنگ سمیت ہر چیز کی جانچ کی جا رہی ہے ۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی نے بتایا کہ الیکٹرک بسیں محض خریدی نہیں جا رہیں بلکہ ایک طرح سے اپنے سامنے بنوائی جا رہی ہیں۔عوام کو بہترین سفری سہولیات کیساتھ ساتھ ان کو محفوظ اور پرسکون سفر فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ،شارٹ سرکٹنگ سے مکمل محفوظ بنانے کیلئے الیکٹرک بسوں کو پانی میں سے بھی گزارا گیا ہے ۔ چین میں تیار کی جانے والی الیکٹرک بسیں ماحول دوست بھی ہیں اور انسان دوست بھی ۔پنجاب میں جدید ترین ٹرانسپورٹ کا نیا دور نئے سال کی خوشخبری کیساتھ شروع ہو رہا ہے۔