پنجاب : باغات کو نو سموکنگ زون ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ
لاہور(سٹاف رپورٹر سے)شہریوں کو صاف، صحت بخش اور خوشگوار ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب بھر کے باغات کو نو سموکنگ زون ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ابتدائی اقدام کے طور پر سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے باغ جناح کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران ڈی جی پی ایچ اے راجہ منصور نے انہیں باغ جناح کے مختلف حصے دکھائے اور وہاں موجود سہولیات پر بریفنگ دی۔دورے کے موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ کا کہنا تھا کہ باغ جناح جیسے تاریخی ورثے کی شناخت کو مزید اجاگر کیا جانا چاہیے اور یہاں سیر و تفریح کے لیے آنے والے افراد، خاص طور پر فیملیز اور ورزش کرنے والوں کو ایک صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔اسی تناظر میں پی ایچ اے کو ہدایت دی گئی کہ تمام پارکس میں آرگینک اور فائبر بورڈز کے ذریعے آگاہی پیغامات نصب کیے جائیں اور نو سموکنگ کی واضح نشاندہی کی جائے ۔محکمہ ہاؤسنگ نے اس اہم پالیسی کو عملی جامہ پہنانے کے لیے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔