پارکوں میں‘‘ نوسموکنگ ’’کے واضح سائن بورڈ نصب
لاہور(اے پی پی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن اور محکمہ ہاؤسنگ کی ہدایات کی روشنی میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور نے شہر کے تمام عوامی پارکس کو مکمل طور پر نو سموکنگ زون قرار دیا ہے اور اس فیصلے پر مؤثر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق لاہور کے پارکس کے داخلی و خارجی راستوں سمیت اندرونی مقامات پر نو سموکنگ کے واضح سائن بورڈز نصب کئے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو تمباکو نوشی سے متعلق آگاہی فراہم کی جا سکے ،محکمہ ہا ؤسنگ کی جانب سے چند روز قبل صوبہ بھر کے پارکس کو نو سموکنگ زون قرار دینے کا اعلان کیا گیا تھا جس پر اب عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے ۔ ڈی جی پی ایچ اے منصور احمد کا کہنا ہے کہ پارکس میں تمباکونوشی کرنا تمباکونوشی آرڈیننس 2002 کے تحت قابل سزا جرم ہے ، خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ فرد کو موقع پر ہی پولیس کے حوالے کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈی جی پی ایچ اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پارکس میں تمباکونوشی سے اجتناب کریں اور صاف، صحت مند و خوشگوار ماحول قائم رکھنے کے لیے پی ایچ اے سے تعاون کریں۔