کالجز کے مستقل اساتذہ نے اپنا تدریسی بوجھ عارضی پر ڈال دیا
متعلقہ کالج کے سربراہان کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی:ڈی پی آئی
لاہور(خبر نگار) کالجز کے مستقل اساتذہ نے اپنا تدریسی بوجھ عارضی اساتذہ پر ڈال دیا۔ ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکٹریشن نے کارروائی کی ہدایت کردی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کے ایک مراسلے میں انکشاف ہوا ہے کہ کالجز کے کئی مستقل اساتذہ نے اپنی تدریسی ذمہ داریاں عارضی اساتذہ کے سپرد کر دی ہیں۔ذرائع کے مطابق متعدد کالجز میں مستقل لیکچررز نے اپنے لیکچرز خود دینے کے بجائے انہیں عارضی اساتذہ کے حوالے کر دیا ہے ۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کچھ کالجز میں مختلف مضامین کے مستقل اساتذہ کی موجودگی کے باوجودان کی جگہ عارضی اساتذہ کو ڈیوٹی پر لگایا گیا ۔ مراسلے میں مزید انکشاف ہوا ہے کہ بعض عارضی اساتذہ کوان کے اپنے مضامین سے ہٹ کر دیگر سبجیکٹس پڑھانے پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔جس سے تعلیمی معیار متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔ڈی پی آئی کالجز نے اس صورتحال کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے تمام ڈائریکٹر کالجز کو متنبہ کر دیا ہے ۔اگر یہ پریکٹس بند نہ ہوئی تومتعلقہ کالج کے سربراہان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔