کمرشل سیکٹرمیں پانی کابے دریغ استعمال ، واٹر میٹر نہ لگ سکے
واسا کا منصوبہ اعلانات تک محدود ، کمرشل املاک میں پانی استعمال کا ریکارڈ موجود نہیں
لاہور (شیخ زین العابدین)لاہور کے کمرشل سیکٹر میں پانی کابے دریغ استعمال جاری، واٹر میٹر تاحال نصب نہ ہو سکے ،واسا کا میٹرنگ منصوبہ اعلانات تک محدود، عملی پیشرفت نہ ہونے کے برابر،کمرشل پلازوں اور اپارٹمنٹس میں پانی کے اصل استعمال کا کوئی مستند ریکارڈ موجود نہیں۔زیرزمین پانی کی سطح گرتی جا رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق مانیٹرنگ کا نظام بھی ابتک فعال نہ ہو سکا۔شہر بھر کے پلازوں، شاپنگ مالز اور کثیر المنزلہ اپارٹمنٹس میں روزانہ ہزاروں گیلن پانی استعمال ہونے کے باوجود باقاعدہ میٹرنگ کا فقدان برقرار ہے ۔واسا پائلٹ پراجیکٹ کے تحت گلبرگ اور گارڈن ٹاؤن میں تنصیب کے اعلانات کیے گئے لیکن کام کا آغاز نہ ہو سکا۔ کمرشل صارفین فکس ریٹ پر بل ادا کر رہے ہیں، چاہے پانی کا استعمال معمول سے کئی گنا زیادہ کیوں نہ ہو۔ میٹرنگ سسٹم نہ ہونے پراصل کھپت کا درست اندازہ ممکن نہیں جس سے ریونیو کا نقصان ہو رہا ہے ، پانی کے بے دریغ استعمال کی حوصلہ افزائی بھی ہو رہی ہے ۔ پانچ سو ملین روپے کے ریوالونگ فنڈ کا اعلان کیا گیا تاکہ جدید واٹر میٹرز خرید کر نصب کیے جا سکیں تاہم فنڈ کے استعمال بارے تفصیلات سامنے نہ آ سکیں۔