جامعات میں 40فیصد اسامیاں خالی ہونے کاانکشاف
اسامیوں پرفوری بھرتیوں کا حکم ، ڈیڈ لائن بھی مقرر کر دی گئی
لاہور(خبر نگار)ملک بھر کی جامعات میں تقریباً چالیس فیصد اسامیاں خالی ہونے کا انکشاف سامنے آ گیا ہے ، جس کے بعد ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے فوری ایکشن لیتے ہوئے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔ایچ ای سی کی جانب سے جامعات کو خالی تدریسی اور انتظامی اسامیوں پر فوری بھرتیوں کا حکم دے دیا گیا ہے اور باقاعدہ ڈیڈ لائن بھی مقرر کر دی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق متعدد جامعات میں پرو وائس چانسلر، رجسٹرار، خزانہ دار اور کنٹرولر امتحانات سمیت اہم عہدے تاحال خالی ہیں، جس سے انتظامی امور اور تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ایچ ای سی نے وائس چانسلرز اور ادارہ جاتی سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ تمام تقرریاں میرٹ، شفافیت اور قواعد و ضوابط کے مطابق یقینی بنائی جائیں۔سلیکشن بورڈز کے بروقت اور باقاعدہ اجلاس منعقد کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے ، جبکہ زیر التوا بھرتی کیسز فوری نمٹانے کا حکم دیا گیا ہے ۔ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ غیر ضروری تاخیر کی صورت میں متعلقہ حکام کے خلاف انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔