محکمہ سیاحت کایوم پاکستان پر آرمی میوزیم ٹور کا افتتاح
شہری 7روزتک ملکی عسکری تاریخ ودیگراہم پہلوؤں سے آگاہی لے سکیں گے
لاہور(خبر نگار)یوم پاکستان اور عیدالفطر کے موقع پر محکمہ سیاحت کی جانب سے نئے ٹور کا آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں ایم ڈی ٹی ڈی سی پی عاصم رضا نے آرمی میوزیم کے نئے ٹور کا افتتاح کیا تقریب کے دوران یومِ پاکستان کی مناسبت سے پرچم کشائی بھی کی گئی۔اس موقع پر ایم ڈی ٹی ڈی سی پی عاصم رضا کا کہنا تھا کہ آرمی میوزیم کا یہ ٹور سیاحوں کے لیے منفرد اور معلوماتی تجربہ ثابت ہوگا۔ اس ٹور کے ذریعے شہری اور سیاح پاکستان کی عسکری تاریخ (وار ہسٹری)سمیت مختلف اہم پہلوؤں کے بارے میں آگاہی حاصل کر سکیں گے ۔ آرمی میوزیم ٹور ہفتے کے ساتوں دن جاری رہے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میوزیم میں جدید انداز میں تاریخی مواد پیش کیا گیا ہے جو خاص طور پر نوجوان نسل کے لیے دلچسپی کا باعث ہوگا۔ سیاحوں نے بھی آرمی میوزیم کے اس نئے ٹور کو خوش آئند قرار دیا ہے اور اسے مثبت اقدام کہا ہے جو نا صرف تفریح فراہم کرے گا بلکہ قومی تاریخ سے آگاہی میں بھی اہم کردار ادا کریگا۔