یومِ پاکستان پر مرکز اہلِ حق میں روحانی دعائیہ تقریب کا انعقاد
شہدائے پاکستان وکشمیر کے ایصالِ ثواب کیلئے قرآن خوانی،متحد ہوکر ملکی دفاع کاعزم
لاہور(سیاسی نمائندہ)یومِ پاکستان پر مرکز اہلِ حق شیرانوالہ لاہور میں نمازِ فجر کے بعد پروقار اور روحانی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر سربراہ مرکزی جمعیت علما اسلام مولانا ڈاکٹر میاں اجمل قادری نے قوم کو یومِ پاکستان کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے پاکستان کی سلامتی، افواجِ پاکستان کی کامیابی، شہدائے پاکستان اور شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کروائی اور کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں ایمان، اتحاد اور قربانی کا پیغام دیتا ہے اور قوم کو اتحاد و اتفاق کے ساتھ ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔سینئر نائب امیر پیر حافظ عمیر عبدالہادی نے اپنے مختصر بیان میں کہا کہ یومِ پاکستان تجدیدِ عہد کا دن ہے ، ہمیں بانیانِ پاکستان کے نظریات پر چلتے ہوئے اتحاد، اخوت اور دینی اقدار کو فروغ دینا ہوگا تاکہ پاکستان کو ایک مضبوط اور اسلامی فلاحی ریاست بنایا جا سکے ۔ تقریب میں سینئر نائب امیر مفتی احمد علی ثانی، مرکزی نائب امیر مفتی ریاض جمیل، امیر پنجاب پیر حسن ناصر، ترجمان پنجاب علامہ عبدالحفیظ کھوکھر، پیر عبدالرب امجد، مولانا علیم الدین شاکر، ترجمان مرکز اہلِ حق شیرانوالہ قاری میاں عظیم ریاض انور، علامہ احمد بلوچ، علامہ عبدالروف روف ربانی، علامہ پیر طاہر رحمانی، سوشل میڈیا ٹیم انچارج حافظ میاں عاصم عظیم مدنی سمیت علما کرام اور کارکنان کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔اس موقع پر شہدائے پاکستان وے کشمیر کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی اور اجتماعی دعا بھی کی گئی جبکہ علماکرام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے تحفظ، امن و استحکام اور دینی اقدار کے فروغ کے لیے مرکز اہلِ حق شیرانوالہ اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔