3 کروڑ سے زائد مفت درسی کتب تقسیم کرنے کا منصوبہ تیار

3 کروڑ سے زائد مفت درسی کتب تقسیم کرنے کا منصوبہ تیار

رواں سال بھی تمام طلبہ کو نئی کتابوں کی سو فیصد فراہمی ممکن نہ ہو سکے گی،ذرائع

لاہور(خبر نگار)پنجاب میں نئے تعلیمی سال کے آغاز پر 3 کروڑ سے زائد مفت درسی کتب تقسیم کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے ، ذرائع کے مطابق  رواں سال بھی تمام طلبہ کو نئی کتابوں کی سو فیصد فراہمی ممکن نہ ہو سکے گی۔لاکھوں طلبہ کو پرانی کتابوں پر ہی انحصار کرنا پڑے گا، جس کے لیے سکولوں میں باقاعدہ بک بینک قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔پالیسی کے تحت چھٹی سے نویں جماعت تک طلبہ کو صرف 50 فیصد نئی درسی کتب فراہم کی جائیں گی، جبکہ چوتھی اور پانچویں جماعت کے طلبہ کو 80 فیصد کتابیں دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ اس کے برعکس نرسری سے تیسری جماعت اور دہم جماعت کے طلبہ کو سو فیصد نئی کتابیں فراہم کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ 3 کروڑ سے زائد درسی کتب کی اشاعت مکمل کی جا چکی ہے ، جبکہ اب تک 2 لاکھ 30 ہزار سے زائد کتابیں طلبہ میں تقسیم بھی کی جا چکی ہیں۔ذرائع کے مطابق پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) اور پیما سے منسلک سکولوں کو بھی اسی کوٹے میں سے درسی کتب فراہم کی جائیں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں