پیکٹا نے سکول بیسڈ امتحانات کے 25فیصد پرچے طلب کرلئے
طلبہ کے فرسٹ، مڈل اور لاسٹ رول نمبر کے پرچے لازمی جمع ہوں گے :حکام
لاہور(خبر نگار) پیکٹا نے صوبہ بھر میں ایس بی اے پرچوں کی ویلیڈیشن شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پچیس فیصد سالانہ امتحانی پرچے طلب کر لیے ہیں۔اس حوالے سے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز ایجوکیشن کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے ، جس میں منتخب سکولوں سے جماعت سوم تا ہشتم کے امتحانی پرچے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔طلبہ کے فرسٹ، مڈل اور لاسٹ رول نمبر کے پرچے لازمی جمع ہوں گے جبکہ اگر کوئی طالبعلم غیر حاضر ہو تو اس کے اگلے رول نمبر کا پرچہ شامل کیا جائے گا۔ہر سکول کے پرچے الگ لفافے میں پیک کیے جائیں گے اور ساتھ ہی ہیڈ ٹیچر سے دستخط شدہ فہرست بھی جمع کرانا لازمی ہوگی۔مزید برآں مارکنگ سکیم اور ایس بی اے روبریکس بھی پرچوں کے ساتھ ارسال کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔پیکٹا نے تمام اضلاع کو ہدایت کی ہے کہ پندرہ مئی دو ہزار چھبیس تک منتخب پرچے پیکٹا ہیڈکوارٹرز بھجوا دیے جائیں۔پیکٹا کے اسیسمنٹ اینڈ ایگزامینیشن یونٹ کو یہ خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے ۔