نجی سکولوں کی رجسٹریشن یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ
تمام ڈپٹی کمشنرز اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز ایجوکیشن کو خصوصی مراسلہ بھجوا دیا گیا
لاہور(خبر نگار)محکمہ سکول ایجوکیشن نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب بھر کے تمام نجی سکولوں کی رجسٹریشن یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ غیر رجسٹرڈ سکولوں کے خلاف قانونی کارروائی اور جرمانے عائد کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔تمام ڈپٹی کمشنرز اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز ایجوکیشن کو خصوصی مراسلہ بھجوا دیا گیا ہے ، جس میں اضلاع سے رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ سکولوں کی مکمل تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔محکمہ نے سات روز میں کمپلائنس رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے غیر رجسٹرڈ سکولوں سے کی گئی ریکوری کی تفصیلات بھی مانگ لی ہیں۔دوسری جانب نجی و سرکاری سکولوں کیلئے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام تعلیمی اداروں کو سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ سے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ طلبا کی حفاظت اور سکولوں کی ریگولیشن کو یقینی بنایا جا سکے ۔