بیوہ کوٹہ کیسز کی سنٹرلائزڈ پراسیسنگ ختم کرنیکی سفارش
ایل ڈی اے گورننگ باڈی سے نئے میکنزم کی منظوری طلب کر لی گئی
لاہور (شیخ زین العابدین) ایل ڈی اے میں بیوہ کوٹہ فائلوں کی پراسیسنگ کے نظام میں بڑی تبدیلی کی تجویز سامنے آ گئی ہے ۔ڈیجیٹل فائل پراسیسنگ سسٹم کے تحت بیوہ کوٹہ کیسز کی سنٹرلائزڈ پراسیسنگ ختم کرنے کی سفارش کر دی گئی۔تجویز کے مطابق اب متعلقہ ہاؤسنگ ڈائریکٹوریٹس اپنی اپنی سکیموں کے ڈیسٹی ٹیوٹ کوٹہ کیسز خود نمٹائیں گے ۔ایل ڈی اے گورننگ باڈی سے نئے میکنزم کی منظوری طلب کر لی گئی ہے ۔دستاویزات کے مطابق ایل ڈی اے میں بیوہ کوٹہ فائلوں کی پراسیسنگ کے نظام کو مکمل طور پر تبدیل کرنیکی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر ہاؤسنگ الیون کی جانب سے اتھارٹی اور ایل ڈی اے گورننگ باڈی کے سامنے ایسی سفارشات پیش کی گئی ہیں جنکے تحت بیوہ کوٹہ کیسز کی سنٹرلائزڈ پراسیسنگ ختم کر کے تمام معاملات متعلقہ ہاؤسنگ ڈائریکٹوریٹس کے سپرد کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق ڈیجیٹل فائل پراسیسنگ سسٹم متعارف ہونے کے باوجود بیوہ کوٹہ سے متعلق کیسز مختلف ڈائریکٹوریٹس سے دوبارہ ہاؤسنگ الیون بھجوائے جا رہے تھے ، جس کے باعث نہ صرف غیر ضروری تاخیر پیدا ہو رہی تھی بلکہ ایک ہی نوعیت کے کام کو بار بار دہرانے کی صورتحال بھی سامنے آ رہی تھی۔