ایل ڈی پی :نیاسیوریج ،واٹر سپلائی نیٹ ورک غیریقینی کاشکار
نئے انفراسٹرکچر کی تعمیر کے بعد مستقل انتظامی ذمہ داری کا فیصلہ نہ ہو سکا
لاہور (شیخ زین العابدین)لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اربوں کی لاگت سے بچھایا گیا نیا سیوریج اور واٹر سپلائی نیٹ ورک انتظامی غیر یقینی کا شکار ہو گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق منصوبے کے تحت 351 کلومیٹر نئی سیوریج لائن، 448 کلومیٹر واٹر سپلائی لائن بچھائی گئی جبکہ 365 گلیوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کی تعمیر مکمل کی گئی۔سرکاری دستاویزات کے مطابق اس منصوبے کا ستر فیصد سے زائد حصہ ایسے علاقوں میں مکمل کیا گیا جو پہلے واسا کے باقاعدہ سروس ایریا کا حصہ نہیں تھے ۔ذرائع کے مطابق ان علاقوں میں نیا سیوریج اور واٹر سپلائی نظام فعال ہے اور فی الحال واسا ہی اس کی آپریشن اور مینٹی ننس انجام دے رہا ہے ۔ تاہم ان علاقوں کو باضابطہ طور پر واسا کے انتظامی دائرہ اختیار میں شامل کرنے کا نوٹیفکیشن ابھی تک جاری نہیں ہو سکا۔یہ تمام علاقے ماضی میں میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ ٹاؤنز کے انتظامی دائرہ کار میں شامل رہے ، تاہم نئے انفراسٹرکچر کی تعمیر کے بعد مستقل انتظامی ذمہ داری کا فیصلہ تاحال نہیں ہو سکا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے سیوریج اور واٹر سپلائی نیٹ ورک کی مستقل آپریشن اور مینٹی ننس کے لیے انتظامی فریم ورک اور حدود کے نوٹیفکیشن کا اجرا تاحال زیر التوا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments