ہارٹیکلچر ایجنسی :2026-27کا 9ارب 60 کروڑکا بجٹ منظور
بورڈ آف ڈائریکٹرز اجلاس، گُلِ داؤدی نمائش کیلئے 5کروڑ مختص،اہم امورکی منظوری
لاہور( سٹاف رپورٹر سے )چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ہارٹیکلچر ایجنسی لاہور غزالی سلیم بٹ کی زیرِ صدارت اجلاس میں ادارے کے مالی، انتظامی اور آپریشنل امور کا جائزہ لیا گیا۔ ایم ڈی احمد عثمان جاوید، ایڈیشنل ایم ڈز ،محکمہ ہاؤسنگ، فنانس اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔بورڈ نے مالی سال 2026-27 کیلئے 9 ارب 60 کروڑ روپے کے بجٹ کی منظوری دی جبکہ گُلِ داؤدی نمائش 2027کے انعقاد کیلئے 5 کروڑ روپے مختص کیے گئے ۔ادارہ جاتی امور میں بہتری کیلئے پنجاب حکومت کے سروس رولز، پنشن رولز اور پیڈا ایکٹ اپنانے کی سفارش کی گئی۔ اے ایم ڈی ہیڈکوارٹرز کا نام تبدیل کرکے اے ایم ڈی آپریشنز، جبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹر کا عہدہ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر کرنے کی سفارش بھی منظور کی گئی۔فیصلے کے مطابق ہارٹیکلچر ایجنسی ڈیپازٹ ورکس پر 12.5 فیصد سروس چارجز وصول کر سکے گی۔ لیز کی شرائط کی خلاف ورزی پر جرمانے کا اختیار ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن کو دینے کی بھی منظوری دی گئی۔پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مادرِملت محترمہ فاطمہ جناح ؒپارک شادمان کو کریسنٹ سکول کے انتظام میں دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ پارکس میں ایگزیکٹو واش رومز کی تعمیر اور گریٹر اقبال پارک میں سینما اور اوپن تھیٹر کرائے پر دینے کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں فیلڈ اور سکیورٹی اسٹاف کیلئے یکساں یونیفارم، جبکہ فیلڈ آپریشنز کی گاڑیوں کی ڈینٹنگ اور پینٹنگ کروانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments