میٹروبس کے پلرز پی ایچ اے آمدن کا نیا ذریعہ بنیں گے

میٹروبس  کے پلرز  پی  ایچ  اے آمدن  کا  نیا  ذریعہ  بنیں  گے

پی ایچ اے کواشتہارات لگانے ، فیس وصولی کا اختیار مل گیا، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سے 13سال سے جاری آمد ن اور اختیارات کی کشمکش ختم ہوگئی شاہدرہ سے گجومتہ تک پلرز پراشتہاری لیز کے نئے ٹینڈر کی تیاری ،پنجاب بھر کے بس سٹاپس پر اشتہارات لگانے ، فیس وصولی کا اختیاربھی جلد منتقل ہوگا

لاہور(شیخ زین العابدین )لاہور میٹرو بس کے سینکڑوں پلرز اَب پی ایچ اے کیلئے آمدن کا نیا ذریعہ بنیں گے ۔ پی ایچ اے کو شاہدرہ سے گجومتہ تک تمام پلرز پر اشتہارات لگانے اور فیس وصول کرنے کا اختیارمل گیا۔13سال تک پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور پی ایچ اے کے درمیان اشتہاری آمدن پر اختیارات کا تنازع برقرار رہا۔ذرائع کے مطابق میٹرو بس کے اشتہاری پلرز سے آمدن حاصل کرنے کے معاملے پر عرصہ سے جاری اختیارات کی کشمکش بالآخر ختم ہو گئی۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے اپنا سابقہ مؤقف تبدیل کرتے ہوئے شاہدرہ سے گجومتہ تک میٹرو بس کے تمام پلرز پر اشتہاری مہم چلانے اور اسکی فیس وصولی کا اختیار پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کو دیدیا۔اس فیصلے سے پی ایچ اے کیلئے میٹرو بس روٹ پر موجود سینکڑوں پلرز کو اشتہاری کاروبار کیلئے لیز پر دینے کا راستہ کھل گیا ۔ اتھارٹی نے اشتہاری لیز کے نئے ٹینڈر کی تیاری شروع کر دی ۔ سابقہ ٹینڈر منسوخ ہونے پر اَب نئے سرے سے اشتہاری حقوق کی نیلامی اور لیز کا عمل شروع کیا جائے گا۔ پی ایچ اے کو توقع ہے کہ میٹرو بس پلرز کی اشتہاری لیز سے اسکے ریونیو میں نمایاں اضافہ ہوگا۔دوسری جانب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے اشتہارات سے حاصل ہونیوالی آمدن میں حصہ لینے کی استدعا بھی کی جائیگی جبکہ معاملہ صرف میٹرو بس تک محدود رکھنے کی بجائے پنجاب بھر کے بس سٹاپس کو بھی اشتہاری سرگرمیوں کیلئے پی ایچ اے کے حوالے کرنے کی تجویز زیر غور ہے ۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے زیر انتظام بس سٹاپس پر اشتہارات لگانے اور فیس وصولی کا اختیار بھی پی ایچ اے کو منتقل کرنے کی تیاری جاری ہے ۔تجویز پر عملدرآمد سے پی ایچ اے کیلئے آمدن کے مزید مواقع پیدا ہونگے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...