جنوبی پنجاب،تاحال باردانہ کی فراہمی میں مشکلات

جنوبی پنجاب،تاحال باردانہ کی فراہمی میں مشکلات

ملتان (جام بابر سے )ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں تا حال کسانوں کو باردانے کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ،فوڈ سنٹرز پر لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔۔

 ، پنجاب حکومت کی پالیسی کے تحت ایپ پر اپلائی کرنے اور نام آنے کے باوجود کاشت کار باردانہ کیلئے سنٹرز پر جاتے ہیں تو تعینات ملازمین مختلف حیلے بہانے بنا کر ٹال دیتے ہیں، کاشتکاروں نے الزام لگایا ہے کہ باردانہ کیلئے بھاری رشوت طلب کی جارہی ہے ، سیاسی اثر ورسوخ والوں کو باردانہ فراہم کیا جاتا ہے ،کسان باردانہ کی عدم فراہمی پرگندم 2900 سے 3200 روپے من آڑھتیوں کو دینے پر مجبور ہیں، بیشتر کسانوں نے شہر کے مختلف مقامات پر سٹال لگا کر گندم 26سو روپے من فروخت کرنا شروع کردی ہے ، امدادی قیمت 3900 روپے من وصول کرنا خواب بن کر رہ گیا ہے ،حکومت کی جانب سے گندم نہ خریدی گئی تو آئندہ کاشت کی جانے والی کپاس کی فصل کا ہدف بھی پورا نہیں ہو سکے گا جب کہ کاشتکاروں نے احتجاج کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے ۔ پاکستان کسان اتحاد کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ اگر حکومت گندم کی خریداری میں سنجیدہ نہ ہوئی تو 10 مئی سے احتجاج کا سلسلہ ملتان سے شروع کریں گے اور یہ احتجاج پورے پنجاب میں پھیل جائے گا۔ دوسری جانب وزیر زراعت پنجاب کا کہنا ہے ایسے افراد جو باردانہ کے عوض رشوت طلب کر رہے ہیں ان کی نشاندہی کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا، گندم کی خریداری کا عمل جلد شروع کر کے کسانوں کو خوشخبری دی جائے گی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں