ضلعی دفاتر میں یوم زکوٰۃ پر سیمینار ، آگاہی واک

ضلعی دفاتر میں یوم زکوٰۃ پر سیمینار ، آگاہی واک

ملتان(خبرنگارخصوصی)صوبائی زکوٰۃ کونسل کی جانب سے پنجاب بھر میں ضلعی سطح پر یوم زکوٰۃ منانے کا سلسلہ جاری ہے ۔۔۔

جس کا مقصد مخیر افراد کو بنکوں کے ذریعے زکوٰۃ کی کٹوتی کے لئے قائل کرنا ہے تاکہ مستحقین کی امداد کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے ۔ اس سلسلہ میں خانیوال ڈسٹرکٹ زکوٰۃ آفس میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا اور آگاہی واک کی گئی، جس کی قیادت ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر زکوٰۃ ملتان محمد اسماعیل سیال نے کی۔ واک میں مخیر حضرات اورشہریوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مہر اسماعیل سیال کا کہنا تھا کہ پنجاب ایک گنجان آباد صوبہ ہے جس میں غربت کی شرح کافی زیادہ ہے ۔ محکمہ زکوٰۃ وعشر کے پاس موجود زکوٰۃ بجٹ غربت کی شرح کے مقابلے میں ناکافی ہے اس رقم میں اضافے کی یقیناً ضرورت ہے لیکن اس میں اضافہ تب ہی ممکن ہے جب صاحب استطاعت لوگ ماہ رمضان میں اپنی زکوٰۃ بینکوں کے ذریعے کٹوائیں اور اس کے علاوہ دوران سال اپنی زکوٰۃ کی رقم محکمہ زکوٰۃ و عشر کے اکائونٹس میں جمع کروائیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ اپنی زکوٰۃ کی ادائیگی کے لیے حکومت کے نظام پر اعتماد کرتے ہوئے غریب، نادار اور دکھی انسانیت کی مدد کے لیے اپنا فعال کردار ادا کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں