ملتانی تہذیب اجاگر کرنے کیلئے کلچرل میلہ منعقد کرنیکا فیصلہ
ملتا ن(وقائع نگار خصوصی،خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ شہر اولیائکی صدیوں پرانی تہذیب کو اجاگر کرنے کیلئے کلچرل میلے کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام قلعہ کہنہ سٹیڈیم میں 24 دسمبر سے دو روزہ فیملی کلچرل میلہ شروع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ضلعی محکموں کو بھرپور میلے کے انعقاد کا ٹاسک دیدیا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کلچرل میلے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابو بکر ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا کہ فیملی کلچرل شو میں میوزیکل نائٹ ،فوڈ سٹال،مشاعرہ و کلچرل ایونٹس ہونگے جبکہ دو روزہ کلچرل شو کی انٹری فری،صرف فیملیز کو داخلے کی اجازت ہوگی۔محمد علی بخاری کا کہنا تھا کہ شہر بھر کو خوبصورت کلچرل رنگوں اور بریڈنگ سے سجایا جائے گا۔محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے ویژن کے مطابق ستھرا پنجاب مہم کے سلسلے میں میگا صفائی آپریشن کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔