پیف سکولوں میں سکیورٹی و صفائی کیلئے زیرو ٹالرینس پالیسی
سخت مانیٹرنگ اورعملدرآمد نہ کرنے والے اداروں کیخلاف کارروائی کی جائیگی
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے سکولوں میں سکیورٹی اور صفائی کے لیے زیرو ٹالرینس پالیسی جاری کردی ۔تفصیل کے مطابق پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے اپنے نیٹ ورک میں شامل تمام پارٹنر اسکولوں میں سکیورٹی اور صفائی کے انتظامات کے حوالے سے زیرو ٹالرینس پالیسی پر فوری عملدرآمد کا حکم دے دیا ہے ۔جاری مراسلے میں کہاگیا ہے کہ والدین کے اعتماد اور طلبہ کے محفوظ تعلیمی ماحول کو یقینی بنانے کے لیے پارٹنر سکولوں کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی ،مانیٹرنگ ٹیموں کی رپورٹس کی روشنی میں عملدرآمد نہ کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی ہوگی ، مقررہ سکیورٹی ایس او پیز پر عملدرآمد کرایاجائے ،مین گیٹ پر تربیت یافتہ سکیورٹی گارڈ کی موجودگی یقینی بنائی جائے ، داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی چیک لازمی کیا جائے ،سی سی ٹی وی کیمرے مکمل فعال رکھیں جائیں،اردگرد مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری انتظامیہ یا متعلقہ حکام کو اطلاع دیں، بغیر شناخت یا اجازت کسی شخص کو سکول میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے ،ہنگامی صورتحال میں سکول میں موجود سٹاف اور طلبہ کے لیے فوری حفاظتی اقدامات کی مشق کرائی جائے ،سکیورٹی معیار پر پورا نہ اترنے والے سکولوں کے خلاف 30 روز بعد باقاعدہ کاررروائی عمل میں لائی جائے گی۔صفائی ستھرائی اور ماحولیات سے متعلق کہا کہ کلاس رومز، واش رومز اور راہداریوں کی روزانہ صفائی یقینی بنائی جائے ،واش رومز میں صابن اور پانی کی سہولت ہر وقت دستیاب رہے ،پینے کے پانی کے انتظام کو معیاری اور قابلِ استعمال ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے ۔سکول کے احاطے میں کچرا پھینکنے یا جمع ہونے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔طلبہ میں صفائی کے شعور کو اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔سکول کے ہر بلاک میں مناسب تعداد میں کوڑے دان نصب کیے جائیں۔جہاں ممکن ہو وہاں ویسٹ سیگریگیشن سسٹم نصب کیا جائے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے واضح کیا ہے کہ سکیورٹی اور صفائی کے انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ۔